ریاض(عکس آن لائن)سیٹلائٹ تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ فلسطینیوں کی بڑی تعداد جنوبی غزہ کی پٹی سے نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے جنوبی علاقوں کے کچھ حصوں کو خالی کرنے کے لیے انتباہ کے بعد لوگوں کے بڑے ہجوم کو جنوبی غزہ سے نکلتے دیکھا گیا ۔امریکی میگزین نے رپورٹ کیا کہ اسرائیلی فورسز نے جنوبی غزہ کی پٹی کے کچھ حصوں کو خالی کرنے کا حکم دیا ۔
اس سے ظاہر ہو رہا ہے کہ اسرائیل شمال میں اپنی زمینی کارروائیوں کے بعد اب جنوبی غزہ میں زمینی حملہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔اس حوالے سے میکسار ٹیکنالوجیز نے سیٹلائٹ تصاویر شائع کردیں جن میں دکھایا گیا کہ فلسطینیوں کا ایک ہجوم جنوبی غزہ کی پٹی میں صلاح الدین روڈ پر جمع ہے اور انخلا کی راہداری سے فرار ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔اگرچہ یہ واضح نہیں ہے کہ یہ ہجوم کتنا بڑا تھا لیکن میکسر ٹیکنالوجیز کا اندازہ ہے کہ اس ہجوم میں ہزاروں لوگ شامل ہو سکتے ہیں۔ سینکڑوں لوگ چوکی سے گزرنے کے لیے انتظار کر رہے تھے۔
٭٭٭٭٭