لاہور (عکس آن لائن ) سابق وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں جاری جنگی جرائم پر اسرائیل کا مواخذہ نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سابق وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یوم اطفال کے موقع پر ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل انسانیت کے خلاف بدترین جنگی جرائم میں مسلسل مصروف ہے، اسرائیل کو ان اعمال پر کسی مواخذے کا سامنا نہیں ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہاکہ اسرائیلی جنگی جرائم کا ثبوت 4000 سے زائد فلسطینی بچوں کی شہادت ہے، ماضی کے تمام تنازعات میں بچوں کی کل اموات سے یہ تعداد ذیادہ ہے، بچوں کے عالمی دن پر عالمی برادری کو اپنے آپ سے کچھ سخت سوالات کی ضرورت ہے۔ شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی جرائم کو حق دفاع قرار دینے والوں کی مجرمانہ خاموشی پر دل گرفتہ ہوں۔ غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک شہدا کی مجموعی تعداد 13ہزار ہوگئی ہے جس میں بچے اور خواتین شامل ہیں ۔
واضح رہے کہ آج دنیا بھر میں عالمی یوم اطفال “ہر بچے کیلئے ہر حق” کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے۔