عالمی میڈیا

عمران خان کی کال پر قوم کا آدھے گھنٹے کااحتجاج عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گیا

اسلام آباد (عکس آن لائن) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان کی کال پر پوری قوم کا آدھے گھنٹے کا احتجاج عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گیا، وزیراعظم کی خلوص نیت پر مبنی سفارتکاری رنگ لارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہ عمران خان کی کال پر پوری قوم کا شاہراہوں پر آدھے گھنٹے کیلئے احتجاج عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا۔یہ ان سب کیلئے سبق ہے جنہوں نے قوم کے سچے جذبات کا مذاق اڑایا۔ انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان کی خلوص نیت پر مبنی سفارتکاری اور مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کی لازوال قربانیاں پوری دنیا میں اپنا رنگ دکھا رہی ہے۔آج دنیا مظلوم کشمیریوں کے حق میں پاکستان کے ساتھ یک زبان ہو کر آواز بلند کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا بھارت کوششوں کے باوجود نہ تو او آئی سی کی آواز خاموش کراسکا اور نہ ہی سلامتی کونسل کا اجلاس رکوا سکا۔یورپین پارلیمنٹ کے ایجنڈے پر مسئلہ کشمیر کا زیر بحث آنا ہماری کامیاب سفارتکاری کا عملی ثبوت ہے۔بھارتی موقف پوری دنیا میں پٹ چکا ہے کہ کشمیر ان کا اندرونی معاملہ ہے۔