لاہور( عکس آن لائن)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ریجنل کیمپس لاہور کے ریجنل ڈائریکٹر امان اللہ ملک نے کہا ہے اوپن یونیورسٹی طلبا ء کی آسانی کے لیے داخلوں کی تاریخ میں توسیع کرتی ہے تاکہ طلبا ء کو کسی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے کیونکہ تعلیم کے حصول کو یقینی بنا کر ملک قوم کی تقدیر کو بدلا جا سکتا ہے،ترقی یافتہ اور ترقی پزیر ممالک میں صرف لٹریسی ریٹ کا فرق ہے،وہی قومیں پروان چڑھتی ہیں جو علم تعلیم کو اپنا اوڈھنا بچھونا بناتی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ہی نہیں بیرون ممالک میں بھی طلبا ء اوپن یونیورسٹی سے اپنی تعلیم مکمل کر رہے ہیں، یہاں سے فارغ التحصیل ہزاروں یا لاکھوں نہیں کروڑوں طلبا ء تعلیم مکمل کرکے ملک قوم کی ترقی خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ،بچے سے لے کر بوڑھے تک اوپن یونیورسٹی اپنے داخلے بھیج کر اپنی تعلیم مکمل کر سکتے ہیں۔جدت کے دور میں اوپن یونیورسٹی جدید اور آسان کورسز کے ساتھ آن لائن کلاسز،اسائنمنٹ،داخلے اور بہت کچھ گھر بیٹھے سہولیات سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
امان اللہ ملک نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں سمسٹرخزاں (فیز ٹو)2023کے داخلے میں بی ایس (2سالہ،اڑھائی سالہ اور4سالہ)، ایسو سی ایٹ ڈگری(بی اے)، ٹیچر ٹریننگ پروگرامز 2سالہ، اڑھائی سالہ اور4سالہ)، بی بی اے پروگرامز، پوسٹ گریجوایٹ ڈپلومہ بشمول سرٹیفکیٹ کورسز (چھ ماہ ) شامل ہیں کیلئے آن لائن داخلہ جمع کروانے کی آخری تاریخ17اکتوبر2023ہے۔
جاری طلبا ء اگلے سمسٹر کی کورس رجسٹریشن بذریعہ سی ایم ایس آن لائن ہی کریں گے جبکہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ پروگرامز میں داخلے جمع کروانے کی تاریخ20ستمبر 2023تک لیٹ فیس چارجز کے ساتھ توسیع کر دی گئی ہے۔ مزید معلومات یونیورسٹی ویب سائٹ www.aiou.edu.pk یا ریجنل آفس لاہورکے فون نمبر04299333578 پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔