انقرہ(عکس آن لائن)عالمی بینککی رپورٹ کے مطابق 6فروری کو آنے والے تباہ کن زلزلے اور آفٹر شاکس سے ترکیہ میں34بلین ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا ۔یہ رقم 2021میں ترکی کے جی ڈی پی کے چار فیصد کے برابر ہے۔عالمی بینک کے اس تخمینے میں تعمیر نو کے اخراجات شامل نہیں کئے گئے جو کہ ممکنہ طور پر دو گنا زیادہ ہیں۔
اس اندازے میں شمالی شام میں ہونے والے نقصان کو بھی شامل نہیں کیا گیاجو کہ منگل کو جاری کیا جائے گا۔عالمی بینک نے خبردار کیا کہ آفٹر شاکس جاری رہنے سے مزید تباہی کی صورت میں نقصان میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔ترکیہ کیلئے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ہمبرٹو لوپیز نے کہا کہ یہ قدرتی آفت ترکیہ میں زلزلوں کے خطرے اور سرکاری اور نجی انفراسٹرکچر میں پائیداری بڑھانے کی ضرورت کی یاد دہانی کے طور پر کام کرتی ہے۔عالمی بینک کا اندازہ ہے کہ رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچنے سے 1.25ملین افراد عارضی طور پر بے گھر ہو چکے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ رہائشی عمارتوں کو ہونے والے براہ راست نقصان کا تخمینہ 53 فیصد ہے،28فیصد نقصان غیر رہائشی عمارتوں میں اور باقی سڑکوں اور پلوں جیسے انفراسٹرکچر میں دیکھا گیا۔