اسلام آباد(عکس آن لائن )وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہبھارتی جبر سے نجات اور کشمیریوں کی آزادی نوشتہ دیوار ہے،سات دہائیوں میں مظلوم کشمیریوں کے حق میں سب سے طاقتور اور توانا آواز وزیراعظم عمران خان کی ہے جو بھارتی ظلم ستم کو للکار رہی ہے۔
بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا نیویارک ٹائمز میں مضمون ہو یا شمالی امریکہ میں خطاب وہ ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، مودی کی فسطائی سوچ اور ظلم سے دنیا کے امن کو لاحق سنگین نتائج سے خبردار کر رہے ہیں،سعودی عرب اور امارات کے وزرا خارجہ کی آمد کشمیریوں کے لئے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور وزیراعظم کی ذات پر اعتماد کا اظہار ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا سعودی واماراتی وزراء خارجہ کا کشمیر کی موجودہ صورتحال پر پاکستان تشریف لانا ان کی تشویش کا مظہر ہے اور اس معاملے کی مسلمہ متنازعہ حیثیت کا ایک اور ثبوت ہے،مہذب دنیا مظلوم کشمیریوں کا ساتھ دے کر انسانیت سے اپنی وابستگی، احترام اور انسانیت کے تقدس کو بچانے میں کردار ادا کرے۔