بیجنگ (نیوز ڈیسک) ڈومینیکا کی صدر سلوینی برٹن نے چائنا میڈیا گروپ کو ایک خصوصی انٹرویو دیا جس میں انہوں نے ڈومینیکا کے لیے چین کی حمایت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو ڈومینیکا کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے ۔
سلوینی برٹن کا کہنا تھا کہ ان کے دورہ چین کے دوران صدر شی جن پھنگ نے ان سے ملاقات میں ڈومینیکا کے ساتھ گہرے دوستانہ تعاون پر مبنی تعلقات کو جاری رکھنے کا ارادہ ظاہر کیا اور دوطرفہ تعاون میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ برٹن نے کہا کہ چین ڈومینیکا کا اچھا دوست ہے جو ہر بحران سے نکلنے میں اس کا ساتھ دیتا ہے ۔
انہوں نے 2017 میں آںے والے سمندری طوفان “ماریا ” سے ہونے والے نقصان پر اور کووڈ 19 کے دوران چین کی فوری مدد کا بھی ذکر کیا ۔ صدر برٹن کا کہنا تھا کہ ان کا ملک ڈومینیکا میں سرمایہ کاری کے لیے چینی کمپنیوں سمیت دیگر اقتصادی تعاون کا منتظر ہے ۔
ڈو مینیکا کی صدر کا کہنا تھا کہ صدر شی جن پھنگ آج کی دنیا کے نمایاں ترین رہنماؤں میں سے ایک ہیں جنہوں نے عالمی مشترکہ ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے کئی اہم انیشی ایٹوز پیش کیے ہیں۔ ان کی توجہ صرف چین یا چین اور چند ممالک کے تعلقات تک محدود نہیں بلکہ وہ عالمی امور میں بھی اہم رہنمائی کر رہے ہیں۔صدر برٹن کا کہنا تھا کہ صدر شی جن پھنگ کی جانب سے پیش کیے گئے یہ انیشی ایٹوز پوری انسانیت کے مشترکہ مفادات کو سامنے رکھتے ہیں تاکہ ہم سب کے لیے ایک مشترکہ مستقبل یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر شی جن پھنگ کا چھوٹے ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنا نہایت اہم ہے۔ بین الاقوامی امور میں شرکت کے دوران دنیا کے ہر ملک کو اپنی بات کہنے کا حق ہونا چاہیے اور ہر ملک کی خودمختاری کا احترام کیا جانا چاہیے۔انہوں نے اس خیال کا اظہار کیا کہ یہی وہ اصول ہیں جن کی وکالت صدر شی جن پھنگ کرتے ہیں۔
بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ ڈومینیکا کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ چینی حکومت ان چھ اسکولوں کی تعمیر نو کر رہی ہے جو سمندری طوفان “ماریا” میں تباہ یا شدید متاثر ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ ایک ثانوی اسکول بھی زیر تعمیر ہے۔ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت چین نے ڈومینکا میں کئی دیگر منصوبوں پر بھی عمل درآمد کیا ہے جن سے شہریوں کی زندگیوں میں حقیقی اور مثبت تبدیلی آئی ہے ۔