بیجنگ (نیوز ڈٰیسک) سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کی ویہی امور سے متعلق ورک کانفرنس بیجنگ میں منعقد ہوئی۔ منگل کے روز چینی میڈیا کے مطابق کانفرنس میں زراعت، دیہات اور کسانوں کو درپیش موجودہ صورتحال اور چیلنجز کا تجزیہ کیا گیا اور 2026 میں زرعی امور کا تعین کیا گیا ۔
سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سکریٹری، صدر مملکت اور سینٹرل ملٹری کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے “زراعت، دیہات اور کسانوں”سے متعلق امور کے بارے میں اہم ہدایات دیں۔شی جن پھنگ نے کہا کہ سال 2026 پندرہویں پانچ سالہ منصوبے کا پہلا سال ہے اور یہ زراعت، دیہات اور کسانوں کے بہتر کام کر نے کے لیے انتہائی اہم سال ہے۔ صدر شی نے کہا کہ ہمیں زراعت اور دیہی علاقوں کی جدید کاری پر توجہ دینی چاہیے، دیہی علاقوں کے جامع احیاء میں ٹھوس پیش رفت کرنی چاہیے، اور شہری-دیہی مربوط ترقی کو فروغ دینا چاہیے۔
اس کے علاوہ ہمیں اناج کی پیداوار پر توجہ دینی چاہیے اور مجموعی زرعی پیداواری صلاحیت اور معیار کو بہتر بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کسانوں کی مستحکم آمدنی کو فروغ دینا چاہیے، غربت کے خاتمے کی مہم میں حاصل کردہ کامیابیوں کو مستحکم کرنا اور وسعت دیتے رہنا چاہیے ، اور مقامی حالات کے مطابق خوبصورت گاؤں کی تعمیر کو فروغ دینا چاہیے۔
کانفرنس میں شی جن پھنگ کی اہم ہدایات کا مطالعہ کیا گیا اور “سی پی سی کی مرکزی کمیٹی اور ریاستی کونسل کی زرعی اور دیہی جدید کاری اور دیہی علاقوں کے جامع احیاء کے مضبوط فروغ کے بارے میں رائے “کے مسودے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
کانفرنس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ چین کی مجموعی جدید کاری کے لیے زرعی اور دیہی جدید کاری بہت اہم ہے اور ایک مضبوط زرعی قوم کی تعمیر کو تیز کرنا لازمی ہے۔