بیجنگ (نیوز ڈیسک) چین، کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے وزرائے خارجہ کی ملاقات چین کے صوبہ یون نان کے شہر یوشی میں کامیابی سے منعقد ہوئی ۔ پیر کے روز چین کے وزیر خارجہ وانگ ای ، کمبوڈیا کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ پراک سوک ہون، تھائی لینڈ کے وزیر خارجہ سیہاساک پھوانگ کیت کاؤ اور تینوں ممالک کی مسلح افواج کے سربراہان نے اس ملاقات میں شرکت کی۔
وانگ ای نے کہا کہ کمبوڈیا-تھائی لینڈ سرحدی تنازع شروع ہونے کے بعد سے، چین نے فعال طور پراس تنازع میں ثالثی کی ہے۔ چینی رہنماؤں نے کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے رہنماؤں کے ساتھ دوستانہ روابط برقرار رکھے ہیں، وزرائے خارجہ کے درمیان متعدد بار ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے اور چینی خصوصی ایلچی نے دونوں فریقوں کی رائے سننے، ان کے متعلقہ جائز خدشات کا خیال رکھنے اور بات چیت کے ذریعے اختلافات کو دور کرنے کے لیے چار دورے کیے ہیں۔
وانگ ای نے کہا کہ تینوں فریقوں کے درمیان ہونے والی بات چیت فائدہ مند اور تعمیری تھی اور سب ایک اہم اتفاق رائے پر پہنچے ۔ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے، مستقبل کی جانب دیکھنا اور مل کر آگے بڑھنا ضروری ہے ۔ دوسرا یہ کہ ہمیں بغیر رکے آہستہ آہستہ آگے بڑھتے ہوئے بتدریج دو طرفہ تعلقات کو بحال کرنا چاہیے ، اور تیسرا یہ ہے کہ باہمی اعتماد کی تعمیر نو کی جائے گی ۔ان کا کہنا تھا کہ چین ہمیشہ کمبوڈیا اور تھائی لینڈ تعلقات کی ترقی کا فروغ دینے والا رہے گا اور جنگ بندی کی نگرانی، انسانی امداد اور “مائن سوئیپر ” میں تعاون سمیت تمام ضروری مدد اور تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ چین اس بات کا منتظر ہے کہ کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے تعلقات جلد از جلد درست راستے پر واپس آئیں ۔