اسلام آ باد ( عکس آن لائن) عالمی ادارہ صحت کا انسدادتمباکونوشی ایوارڈ2021 پاکستان کو دیا گیا ہے۔ وزارت صحت کے مطابق پاکستان کیلئے ایوارڈ کا اعلان عالمی ادارہ صحت ایمروریجن نے کیا ہے۔ پاکستان کو انسداد تمباکو نوشی کے کامیاب اقدامات پرایمروریجن میں نمبرون قرار دیا گیا ہے۔ پاکستان نے انسداد تمباکو نوشی کے مقررہ اہداف کے حصول میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے حکومت پاکستان کو ایوارڈ بارے آگاہ کر دیا ہے۔ وزارت صحت کے ٹوبیکوکنٹرول سیل نے بھی پاکستان کوایوارڈ ملنے کی تصدیق کی ہے۔ عالمی ادارہ صحت سے پاکستان کوایوارڈ31مئی ورلڈ نوٹوبیکوڈے پرملے گا۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ایوارڈ ٹوبیکواسموک فری سٹی منصوبے کی کامیابی پرملا جو کہ ملک کے 12 اضلاع میں جاری ہے۔ ٹوبیکو اسموک فری سٹی منصوبےمیں ضلعی سطح پرمانیٹرنگ سیل قائم ہیں۔ منصوبے کے تحت 12 اضلاع میں 304 مقامات، پارک اسموک فری ہیں۔ پاکستان پبلک پارکس کو اسموک فری قراردینے والا دنیا کا پہلا ملک ہے۔ اسموک فری سٹی منصوبے کے تحت ٹوبیکو پراڈکٹس بیچنے والے رجسٹرڈ ہیں۔ اسلام آباد میں تمباکو مصنوعات کی فروخت لائسنس سے مشروط ہے۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان 2025تک تمباکو نوشوں کی تعداد میں30 فیصد کمی لائے گا۔