لاہور، 10 ستمبر(زاہد انجم سے) جنرل ہسپتال لاہور کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے کہا ہے کہ خواتین میں سرویکل کینسر کا مرض بہت تیزی سے پھیل رہا ہے اور معاشرہ میں آگاہی کم ہونے ، بروقت بچاؤ اورعلاج نہ ہونے کی وجہ سے جان لیوا ثابت ہوتا ہے تاہم میڈیکل سائنس میں ایڈوانسمنٹ کی بدولت آج اس مرض سے بچاؤ کی ویکسین متعارف ہو چکی ہے اور نو عمر بچیوں کو سرویکل کینسر کی روک تھام کیلئے ویکسینیشن کرانا اب والدین کی اولین ذمہ داری ہے ۔ڈاکٹر فریاد حسین کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر نو سال سے چودہ سال تک عمر کی بچیوں کو مفت ایچ پی وی ویکسین 15 ستمبر تا27 ستمبر تک فراہم کی جائے گی تاکہ مستقبل کی مائیں اور بیٹیاں اس مہلک مرض، سرویکل کینسر، سے محفوظ رہ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف عوامی صحت کے حوالے سے ایک انقلابی پیش رفت ہے بلکہ میڈیکل کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ دنیا بھر میں ایچ پی وی ویکسین کو سرویکل کینسر کی روک تھام کا سب سے مؤثر ذریعہ تسلیم کیا گیا ہے اور پنجاب میں اس قومی مہم کا آغاز بچیوں کی صحت اور مستقبل کو محفوظ بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔
ایم ایس جنرل ہسپتال نے اس موقع پر میڈیا، سول سوسائٹی اور طب سے وابستہ تمام افراد سے اپیل کی کہ وہ اس قومی مہم کے حوالے سے بھرپور آگاہی پیدا کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچیاں بروقت ویکسین لگوا کر محفوظ رہ سکیں۔
پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے کہا کہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مہم کا حصہ بنے، اپنے خاندان، عزیز و اقارب اور اردگرد کے لوگوں کو ویکسینیشن کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کرے تاکہ یہ پیغام گھر گھر تک پہنچ سکے۔
—