ماریا زاخارووا

روس کا جاپان کو “جاپانی عسکریت پسندی کے متاثرین کے لیے یادگاری ہال” تعمیر کرنے کا مشورہ

ما سکو (نیوز ڈیسک) روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے جاپان کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی سرزمین پر “جاپانی عسکریت پسندی کے متاثرین کے لیے ایک یادگاری ہال” تعمیر کرے تاکہ وہ اپنے کیے گئے جرائم پر غور کرے۔

روسی وزارت خارجہ کی معمول کی پریس کانفرنس میں جاپانی وزیر اعظم سانائے تاکائیچی کے یاسوکونی شیرائن پر ممکنہ حاضری کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں زاخارووا نے کہا کہ یاسوکونی شیرائن جاپانی عسکریت پسندی کی علامت ہے اور اس میں “کلاس اے” کے جنگی مجرموں کو شامل کیا گیا ہے جنہیں بین الاقوامی فوجی عدالت برائے مشرق بعید کی جانب سے موت کی سزا سنائی گئی تھی۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ “یہ ناقابل تصور ہے کہ جاپانی عسکریت پسندی نے کس قدر زیادہ لوگوں کو قتل کیا اور عام شہریوں کو کتنا نقصان پہنچایا، لیکن یہ تاریخ میں درج حقائق ہیں۔” زاخارووا نے کہا کہ روس ایک بار پھر جاپان سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اپنے ہی غیر انسانی مظالم کو سفید کرنے کی کوششوں کو روکے اور دوسری جنگ عظیم کے نتائج کو مکمل طور پر تسلیم کرے۔