بیجنگ (نیوز ڈیسک) چین کی ایسٹرن تھیٹر کمانڈ کے ترجمان، بریگیڈیئر جنرل شی ای نے بتایا کہ عوامی جمہوریہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی ایسٹرن تھیٹر کمانڈ نے بری فوج، بحریہ، فضائیہ اور راکٹ فورس سمیت مختلف افواج کو متحرک کرتے ہوئے آبنائے تائیوان، جزیرۂ تائیوان کے شمال، جنوب مغرب، جنوب مشرق اور مشرق میں “جسٹس مشن2025 ” کے نام سے جامع فوجی مشقیں شروع کر دی ہیں۔
بیان کے مطابق، ان مشقوں میں بحری و فضائی جنگی تیاری کے گشت، مجموعی کنٹرول کے حصول، اہم بندرگاہوں اور علاقوں کا محاصرہ، اور بیرونی محاذ پر دفاعی کارروائیوں جیسے اہم نکات پر عملی تربیت دی جا رہی ہے۔ بحری جہازوں اور ہوائی جہازوں کے کثیر سمتوں سے تائیوان جزیرے کے قریب پہنچنے، اور مختلف مسلح خدمات کے مشترکہ حملوں کا مقصد تھیٹر کی افواج کی مشترکہ جنگی صلاحیتوں کو جانچنا ہے۔
ایسٹرن تھیٹر کمانڈ نے واضح کیا کہ یہ مشقیں “تائیوان کی علیحدگی” کے حامی عناصر اور بیرونی مداخلت کرنے والی قوتوں کے لیے سخت انتباہ ہیں، اور قومی خودمختاری کے تحفظ اور قومی وحدت کے دفاع کے لیے ایک جائز اور ضروری اقدام ہیں۔