لاہور، 14دسمبر(زاید انجم سے)پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹویٹ نے طبی تعلیم اور تحقیق کے شعبے میں اپنی نمایاں اور مؤثر عالمی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے “پی جی ایم آئی ایم کون “2025کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔ دو روزہ کانفرنس 17 دسمبر سے شروع ہوگی، جس کا مرکزی تھیم“Pursuit of Excellence: Strengthening Research & Medical Education for the Next Generation.”ہے۔
اس کانفرنس کا بنیادی مقصد طبی تحقیق اور میڈیکل ایجوکیشن کو مزید مؤثر، جدید اور عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا، جبکہ مستقبل کے نوجوان معالجین کو تحقیق پر مبنی تعلیم کے ذریعے باصلاحیت اور باخبر بنانا ہے۔
پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کانفرنس کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ “پی جی ایم آئی ایم کون “2025 میں ممتاز ماہرینِ طب، سینئر فیکلٹی ممبران، نوجوان ڈاکٹرز، محققین اور میڈیکل طلبہ شرکت کریں گے۔ کانفرنس کے مختلف سیشنز میں جدید طبی تحقیق، میڈیکل ایجوکیشن کے نئے رجحانات، مریضوں کی بہتر نگہداشت، اور جدید میڈیکل ٹیکنالوجیز سمیت اہم موضوعات پر جامع اور بامقصد مباحثے کیے جائیں گے۔
ڈاکٹر فاروق افضل کا مزید کہنا تھا کہ کانفرنس نوجوان ڈاکٹروں، ریسرچرز اور میڈیکل طلبہ کے لیے ایک مؤثر علمی پلیٹ فارم ثابت ہوگی، جہاں تحقیق کے جدید رجحانات، تجربات کے تبادلے اور عالمی سطح کے خیالات سے استفادہ ممکن ہو سکے گا۔ اس کانفرنس کے ذریعے طبی شعبے میں معیار کو مزید بہتر بنانے اور تحقیق کے فروغ کو عملی شکل دی جائے گی۔پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے مزید بتایا کہ پی جی ایم آئی تحقیق پر مبنی میڈیکل تعلیم کے فروغ کے لیے بھرپور عزم رکھتا ہے اور اس نوعیت کی بین الاقوامی کانفرنسیں مستقبل کے معالجین کی پیشہ ورانہ تربیت، اور عالمی معیار کی میڈیکل ایجوکیشن کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ “پی جی ایم آئی ایم کون “2025طبی تعلیم و تحقیق کے میدان میں ایک سنگِ میل ثابت ہوگی اور پاکستان کے طبی شعبے کو عالمی سطح پر مزید مستحکم شناخت دلانے میں معاون ثابت ہوگی۔