وزرائے اعظم

سرکاری ملکیت والے کاروباری اداروں کے ڈھانچے میں مسلسل بہتری لائی جائے، چینی صدر

بیجنگ (نیوز ڈیسک) چینی صدر شی جن پھنگ نے مرکزی حکومت کے زیرانتظام سرکاری ملکیت والے صنعتی و کاروباری اداروں یعنی سینٹرل ایس او ایز کے کام کے حوالے سے اہم ہدایات دیں اورکہا کہ سی پی سی کی 18ویں قومی کانگریس کے بعد سینٹرل ایس او ایز قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی اور ستون کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

منگل کے روز چینی میڈیا کے مطابق شی جن پھنگ نے زور دیا کہ نئے سفر میں سینٹرل ایس او ایز کو پارٹی اور ریاست کے کام، اقتصادی اور سماجی اعلیٰ معیار کی ترقی،اور عوامی زندگی کی ضمانت اور بہتری کے لیے بہترخدمات انجام دینی چاہیئں۔سرکاری ملکیت والے کاروباری اداروں کے ڈھانچے میں مسلسل بہتری لائی جائے،ان کی بنیادی استعداد کار بڑھائی جائے اور مسابقتی قوت کو مضبوط کرنے کا عمل جاری رکھا جائے۔

حقیقی معیشت کو محور بناتے ہوئے اہم اور کلیدی ٹیکنالوجیز کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے نیز سائنسی اور صنعتی جدت میں ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔ اصلاحات کو مزید گہرا کیا جائے، چینی خصوصیات کے حامل صنعتی و کاروباری اداروں کے جدید نظام کو مکمل کیا جائے، اور عالمی معیار کی کمپنیاں بنانے کی کوشش کی جائے۔ ترقی اور تحفظ کو ہم آہنگ کیا جائے، درپیش خطرات کی مؤثر نگرانی کر کے ان کے حل کو یقینی بنایا جائے۔

سینٹرل ایس او ایز کے سربراہان کا اجلاس 22 سے 23 دسمبر کو بیجنگ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں شی جن پھنگ کی اہم ہدایات پیش کی گئیں۔ وزیر اعظم لی چھیانگ نے اجلاس میں شرکت کی اور خطاب کیا۔