حا فظ حمد اللہ

پی ٹی آئی حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے اپوزیشن کو ایک نقطے پر متفق ہونا پڑیگا، حا فظ حمد اللہ

ڈیرہ اللہ یار(عکس آن لائن )جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء و سابق سینیٹر حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے اپوزیشن کو ایک نقطے پر متفق ہونا پڑیگا موجودہ حکومت کسی طور پر مہلت کا مستحق نہیں دو سالوں کے دوران حکومت نے ملک کو بحرانوں کے دلدل میں دھنسا دیا قوم دو وقت کی روٹی کے حصول کے لیے بھی پریشان ہے

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز یوتھ آرگنائزیشن نصیرآباد ڈویڑن کے صدر سجاد علی گاجانی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پر الزام تراشیاں کرنے والے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی اور مملکتی وزراء دہری شہریت کے حامل نکلے ہیں لیکن احتساب کے نام پر انتقامی کارروائیاں اپوزیشن کے خلاف کی جارہی ہیں حکومت میں موجود وزراء اور معاونین خود کرپشن اور لوٹ مار میں مصروف ہیں اربوں روپے قرض وصولی اور چندے کے باوجود ملکی معیشت دن بدن غیرمستحکم ہوتی جارہی ہے

مہنگائی کے طوفان نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے سلیکٹڈ حکومت سے معاملات سنبھالے نہیں جارہے عمران خان جتنی توانائی اپوزیشن کو توڑنے اور بدنام کرنے پر لگا رہے ہیں اتنی محنت گڈ گورننس اور ملکی معیشت کے لیے کرتے تو آج ملک کی حالت ابتر نہ ہوتی حافظ حمد اللہ نے کہا کہ مائنس ون نہیں مائنس آل کی ضرورت ہے ملاقات کے دوران پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے ڈویڑنل صدر سجاد علی گاجانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں جتنے ترقیاتی منصوبے اور روزگار کے مواقع پیپلزپارٹی کی دور حکومت میں دیئے گئے

اس کے بعد وجود میں آنے والی حکومتوں نے صوبے کے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا آج لاکھوں نوجوان بیروزگار ہو کر بھوک اور بدحالی کا شکار ہیں سرکاری محکموں میں ہزاروں آسامیاں خالی پڑی ہیں بھرتیوں کے اشتہار دینے کے بعد ازخود بھرتیاں منسوخ کی جارہی ہیں گزشتہ سات سالوں کے دوران بلوچستان میں ترقی کے نام پر ایک اینٹ تک نہیں لگائی گئی اربوں روپے کے منصوبے صرف کاغذی کارروائی میں مکمل دکھا کر قومی خزانے کو نقصان دیا گیا۔
٭

اپنا تبصرہ بھیجیں