ڈاکٹر حفیظ شیخ

وزیراعظم کے مشیر خزانہ و ریونیو ڈاکٹر حفیظ شیخ کی زیر صدارت ترقیاتی اصلاحات کا جائزہ اجلاس

اسلام آباد (عکس آن لائن) وزیراعظم کے مشیر خزانہ و ریونیو ڈاکٹر حفیظ شیخ کی زیر صدارت ترقیاتی اصلاحات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ ہفتہ کو منعقد ہونے والے اجلاس میں اقتصادی امور ڈویژن، منصوبہ بندی کمیشن اور ورلڈ بینک کی تکنیکی ٹیموں نے شرکت کی تاکہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے حوالہ سے موجودہ حکمت عملی کو آسان بنانے کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا جا سکے۔

اجلاس کے دوران مختلف ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے عمل کو آسان بنانے اور اس حوالہ سے تجاویز مرتب کرنے کیلئے ایک ماہ کے وقت پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں اقتصادی امور کے وزیر محمد حماد اظہر ، منصوبہ ترقی اور اصلاحات کے وزیر مخدوم خسرو بختیار ، ادارہ جاتی اصلاحات اور کفایت شعاری کے وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر عشرت حسین اور سٹیٹ بینک آف پاکستان، کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس، فنانس ڈویژن، پی ڈی اینڈ آر اور اقتصادی امور ڈویژن کے اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو اقتصادی امور ڈویژن اور عالمی بینک کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے موجودہ لائحہ عمل کو آسان بنانے کے حوالہ سے مختلف تجاویز کے بارے میں بریفنگ دی گئی تاکہ منصوبوں کو کم از کم وقت میں مکمل کیاجا سکے اور مطلوبہ فنڈز کے حصول، منصوبہ کیلئے سٹاف اور دیگر اقدامات کو طے شدہ وقت میں مکمل کیا جا سکے۔ اس کا مقصد حکومت کے فریم ورک کے تحت وسط مدت اور سالانہ ترقیاتی پروگرام میں بہتری لانا ہے تاکہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے حاصل کئے گئے قرض سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے۔ حکومت منصوبہ بندی کے پورے عمل کو ڈیجیٹلائز کرنا چاہتی ہے تاکہ فیصلہ کرنے کے وقت کو کم سے کم کر کے منصوبوں پر عمل درآمد کو جلد از جلد یقینی بنایا جا سکے۔

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ عالمی بینک ، منصوبہ بندی کمیشن اور اقتصادی امور ڈویژن کی تکنیکی ٹیمیں حکمت عملی مرتب کریں گی تاکہ مختلف شعبوں کے ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی کر کے ان کو ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا جا سکے، اس حوالہ سے ٹیکنیکل ٹیمیں تین تا چار ہفتے کے دوران اپنی رپورٹ پیش کریں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں