اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ وزیر اعظم کا دامن صاف ہے ،انہیں احتساب کا کوئی خوف نہیں ہے،آئے روز نیب کے خلاف محاذ کھولنے والے لیگی ترجمانوں کا نیب ترمیمی آرڈیننس پر سیاست کرنا افسوسناک ہے۔ ایک بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کا دامن صاف ہے،انہیں احتساب کا کوئی خوف نہیں،سب سے بڑی عدالت نے انہیں صادق اور امین قرار دیا۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ان کے بدترین سیاسی مخالف بھی ان پر کرپشن کا الزام لگانے میں ناکام رہے اور رہینگے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کا کرپشن کے خلاف جہاد بھرپور قوت سے جاری ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نیب کا کام میگا کرپشن اسکینڈلز کے خلاف کارروائی عمل میں لانا ہے اور یہ کام نیب اور بھی قوت سے انجام دے گا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ایسے سرکاری ملازمین کے خلاف ضرور کارروائی ہوگی جنہوں نے طریقہ کار کی غلطیوں یا محکمانہ نقائص سے ذاتی مفادات حاصل کئے ہونگے۔
انہوں نے کہاکہ اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اثاثہ جات میں بے پناہ اضافہ رکھنیوالے پبلک آفس ہولڈرز کاروائی سے ہرگز مبرا نہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ آرڈیننس کے تحت دیانتدار پبلک آفس ہولڈرز بلا خوف وخطر عوامی مفاد میں فیصلے کرسکیں گے اور اپنی قانونی ذمہ داریاں انجام دیں سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس سے گورننس مزید فعال، معیشت مستحکم اور تجارتی ماحول ساز گار ہوگا۔