کراچی (نمائندہ عکس )سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دنیا کی سیاسی تاریخ میں بھٹو خاندان کی قربانی کی کوئی مثال نہیں ملتی۔چیئرمین قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے یوم شہادت پر پیغام دیتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کا فلسفہ ملک کی ترقی، آزادی، خودمختاری، اورعوام کی خوشحالی پیپلزپارٹی کا مشن ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ اس مشن کی تکمیل کے لیئے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے نقش قدم پر ثابت قدم ہیں، بھٹو شہید عوام سے عشق کرتے تھے اور عوام کی خاطر تختہ دار پر چلے گئے۔سابق صدر نے کہا کہ آج کے دن ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کےعوام سے عشق کا تسلسل ٹوٹنے نہیں دینگے، ذوالفقار علی بھٹو کا دیا ہوا 1973 کا آئین آج بھی قوم کا متفقہ دستور ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ وقت کے آمروں نے1973 کے آئین کو مسخ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی مگر آئین کو ختم کرنے میں ناکام رہے، آج جب ریاست کا ہر باشعور شہری اپنے آئینی حقوق کی بات کرتا ہے تو یہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا کارنامہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائد عوام شہید نے عوام کو سوچنے کیلئے شعور، بولنے کا ڈھنگ اور سر اٹھا کر جینا سکھایا، انہوں نے ہی عوام کو ووٹ کا حق دلایا تاکہ عوام اپنی پسند کی حکومت وجود میں لائے۔ آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان کے ہر شہری کو مفت پاسپورٹ بنوانے کا حق دیا، آج دنیا بھر میں پاکستانی آباد ہیں تو یہ کرشمہ بھی شہید بھٹو کاہے۔سابق صدر نے کہا کہ دنیا کی سیاسی تاریخ میں بھٹو خاندان کی قربانی کی کوئی مثال نہیں ملتی ، جس نےملک اور قوم کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کیا ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ آج ہم اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے فلسفے پر ثابت قدم رہ کر محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا پاکستان بنائیں گے۔