اسلام آباد (عکس آن لائن) وفاقی وزیر اور چیئر پرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے حکومت مستحقین کی غذائی ضروریات کا خیال رکھ رہی ہے۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہاکہ اب تک بینظیر نشوونما پروگرام میں 0.643 ملین حاملہ و دودھ پلانے والی مائوں اور ان کے نوزائدہ بچوں کا اندراج کیا جا چکا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ بے نظیر نشوونما ابتدائی 1000 ایام کے دوران بچوں میں سٹنٹنگ کی روک تھام کیلئے کوشاں ہے۔
شازیہ مری نے کہاکہ نشوونما پروگرام کے تحت اب تک 24 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ملک کے 157 اضلاع میں 487 صحت سہولت مراکز قائم ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ 6 ماہ سے 23 ماہ کے بچوں کے لیے خصوصی غذائی خوراک اور حفاظتی ٹیکوں کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ شازیہ مری نگے کہاکہ اتحادی حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی سماجی تحفظ کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ غریب طبقے کی غذائی ضروریات کیلئے سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے ، نشوونما پروگرام کا بجٹ 21.8 ارب روپے سے بڑھا کر 32 ارب روپے کرنیکی تجویز پر غورہوگا ۔ ذرائع کے مطابق سال 2025 تک 1.5 ملین بچوں ،حاملہ اور دودھ پلانے والی مائوں کے اندراج کا ہدف ہے، حفظان صحت، صفائی ستھرائی اور غذائیت سے متعلق آگاہی سیشن بھی دیئے جاتے ہیں ۔
٭٭٭٭٭