مریدکے(عکس آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر وسابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو جتنی مرضی بھڑکیں ماریں ، 8فروری کو ووٹ کی طاقت سے انہیں پنجاب کی طرح سندھ سے بھی سیاسی طور پر نکال دیں گے ۔
انہوںنے تنظیم الاخوان کے مرکزی رہنما قاری ڈاکٹر محمد رمضان اور ضلعی صدر رانا خلیق الرحمن خاں کی طرف سے مریدکے جی ٹی روڈ پر حلقہ این اے 113اور حلقہ این اے 114سے مسلم لیگ کی حمایت کے بڑے جلسہ سے خطاب کرتے کہا کہ بلاول بھٹو سمیت ملک کی تمام جماعتیں سن لیں انشااللہ 8فروری کو نواز شریف چوتھی مرتبہ وزیر اعظم پاکستان بننے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جو مرضی کہہ لے اس سے ہمارا مقابلہ ہی نہیں ،
مقابلہ پی ٹی آئی سے تھا جو اپنی کرتوتوں سے سیاست سے آئوٹ ہوگئی ،پی ٹی آئی آئین وقانون اور عوام کی پکڑ میں آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ استعفیٰ دینے والے ججز کو اپنے کارناموں کا خوف ہوگا ،سپریم کورٹ کے پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن کے متعلق فیصلے سے دوسری پارٹیوں کو سبق سیکھنا چاہئے ،میں سمجھتا ہوں اب کوئی پارٹی ایک کمرہ میں بیٹھ کر الیکشن نہیں کروائے گی ،اس فیصلہ کے جمہوریت اور پارٹیوں کے لئے دوررس نتائج برآمد ہوں گے ۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی غیر ملکی ایجنٹ تھے وہی ایجنڈا لیکر آئے ۔پاکستان کے پہلے وزیراعظم تھے جس کے خلاف عدم اعتماد کامیاب ہوئی ،اگر چند ماہ مزید اقتدار میں رہ جاتا تو پاکستان کا بہت نقصان ہوجانا تھا ۔بانی پی ٹی آئی ملک کے لئے اتنا خطرناک تھے ،عدم اعتماد کے بعد بھی سازشوں سے باز نہ آیا اور سانحہ 9مئی ہوگیا ،9مئی کے واقعات میں سمجھتا ہوں بغاوت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف سچے مسلمان اور پاکستان کی ضرورت ہیں ،8فروری کا فیصلہ ووٹ کی طاقت سے عوام مسلم لیگ (ن) کے حق میں دیں گے ۔