لاہور(عکس آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی کا کوئی موازنہ نہیں ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ ویرات کوہلی بہت زیادہ کرکٹ کھیل چکے جبکہ بابر اعظم کا ابھی آغاز ہے لہذا بابراعظم اور ویرات کوہلی کا موازنہ کرنا درست نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ ویرات کوہلی نے جو کچھ حاصل کیا اس کا کوئی موازنہ ہی نہیں،
بابر اعظم جب ویرات کوہلی جتنی کرکٹ کھیل لیں پھر موازنہ کریں، بابر اعظم ایک کلاسیکل بیٹر ہیں، اب تک ان کی شاندار پرفارمنس ہے، بابراعظم پاکستان کے عظیم بیٹرز میں سے ایک ہیں، وہ ہر سال ہر فارمیٹ میں ٹاپ5 رینکنگ میں آتے ہیں۔مصباح الحق نے ٹیم کی پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ پرفارمنس نیچے آئی ہے اس کے بارے میں ہمیں سوچنا ہوگا، ٹیسٹ پرفارمنس کے اکیلے بابر اعظم ذمہ دار نہیں ہیں،
اس میں پلاننگ کا فقدان، ٹیم سلیکشن اور کئی چیزیں ہیں۔سابق کپتان نے کہاکہ بابر اعظم کو جس طرح ٹارگٹ کیا گیا وہ درست نہیں ہے، کپتان ہو یا کوئی اور کھلاڑی پہلے ہمیں چیزوں کا جائزہ لینا چاہیے، صرف بیانیہ بنانے یا دبا ئوڈالنے سے فیصلہ نہیں کرنا چاہیے، یہ درست نہیں ہے کہ بس سوچ لیا ہے تو پھر ہٹانا ہی ہے، پاکستان ٹیم کی وائٹ بال کرکٹ میں کارکردگی اچھی جا رہی ہے۔