اسلام آباد (عکس آن لائن) سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ احتجاج حکمران جماعت کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کیلئے ہے جو 6سال سے التواء کا شکار اور 150سے زائد سماعتیں ہو چکی ہیں لیکن حکمران جماعت درخواستیں دے کر تاخیر کر رہی ہے جبکہ اپنے خفیہ اکائونٹ اور اثاثے بھی ظاہر نہیں کئے ہیں وہ بھی چھپا رہے ہیں۔
منگل کو سربراہ پی ڈی ایم مو لا نا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف پارٹی فنڈنگ میں دشمن قوتوں سے فنڈنگ آئی ہے جو قومی سلامتی کے خلاف استعمال ہو سکتی ہے۔
فضل الرحمان نے کہا کہ اگر حکومت احتجاج کے راستہ نہیں دیتی تو کنٹینرز کو اٹھا کر پھینک دیتے، حکومت راستہ روک ہی نہیں سکتی ہے، ہم ان کی طاقت جانتے ہیں کیونکہ یہ بازو میں آزمائے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری باڈی لینگوئج محتاط ہے اور ہم آئین کی حدود میں رہ کر ہی بات کر رہے ہیں۔