ترقیاتی منصوبوں

10 ماہ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے 533 ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری

اسلام آباد (عکس آن لائن)رواں مالی سال کے 10 ماہ میں وفاقی ترقیاتی پروگرام کے تحت 533 ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری کیے گئے، ان میں پختونخواہ میں ضم شدہ اضلاع کی ترقی کے لیے 23 ارب روپے کی رقم بھی شامل ہے۔تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال کے 10 ماہ میں وفاقی ترقیاتی پروگرام کے ریلیز فنڈز کی تفصیلات جاری کردی گئیں،

10 ماہ میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کی مد میں 533 ارب 32 کروڑ کے فنڈز کا اجرا کیا گیا۔دستاویز کے مطابق حکومت نے وفاقی وزارتوں کیلئے 230 ارب 29 کروڑ کے فنڈز جاری کیے، این ایچ اے کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 154 ارب 94 کروڑ روپے جاری کیے گئے، سیکیورٹی کی بہتر صورتحال کے لیے 38 ارب 49 کروڑ کے فنڈز جاری کیے گئے۔دستاویز میں کہا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 43 ارب 46 کروڑ جاری کیے گئے، کابینہ ڈویژن کے لیے 30 ارب 18 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے۔10 ماہ کے دوران ہائر ایجوکیشن کمیشن کیلئے 27 ارب روپے سے زائد کی رقم جاری کی گئی، وزارت آبی وسائل کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 72 ارب 67 کروڑ کے فنڈز جاری کیے گئے۔

اسی طرح ریلوے ڈویژن کیلئے 10 ارب 76 کروڑ روپے کے فنڈز کا اجرا کیا گیا، پختونخواہ میں ضم شدہ اضلاع کی ترقی کیلئے 23 ارب روپے کی رقم جاری کی گئی، این ٹی ڈی سی، پیپکو کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 20 ارب 70 کروڑ جاری کیے گئے۔دستاویز میں کہا گیا کہ وزارت قومی تحفظ خوراک کے لیے 8 ارب 21 کروڑ روپے جاری کیے گئے ، وزارت قومی صحت کے منصوبوں کے لیے 8 ارب 37 کروڑ سے زائد رقم جاری کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں