یوم تکبیر

یوم تکبیر، پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کے 25 برس مکمل ، ملک بھر میں یوم تکبیر جوش و جذبے سے منایا گیا

اسلام آ باد (عکس آن لائن ) پاکستان کو عالم اسلام کی پہلی جوہری طاقت بننے کے 25 سال مکمل ہو گئے، ملک بھر میں یوم تکبیر جوش و جذبے سے منایا گیا ،اٹھائیس مئی ہرپاکستانی کیلئے فخرکی علامت ،وہ دن جب پاکستان نے دنیا کے سامنے ایٹمی قوت ہونے کا اعلان کیا ،چاغی کے مقام پر ایٹمی دھماکوں نے دشمن کے دانت کھٹے کر دیے .قوم آج بھی ایٹمی دھماکے کرنے والوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

اتوار کو پاکستان کو عالم اسلام کی پہلی جوہری طاقت بننے کے 25 سال مکمل ہو گئے،25 برس قبل اسی روز پاکستان نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کے جواب میں اپنی جوہری طاقت کا مظاہرہ کیا تھا، یہ وہ یادگار دن ہے جب پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی 7 ویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اسی دن کو یوم تکبیر کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں دھماکوں کے ذریعے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب دیا تھا، بلوچستان کے پہاڑوں سے پاکستان کی عظمت کا اعلان ہوا تو دشمن کے عزائم خاک میں مل گئے ۔ چاغی کے پہاڑوں پر اللہ و اکبر کا نعرہ بلند ہوا جسے پوری دنیا میں سنا گیا، وطن عزیر پر حملہ کی خواہش لیے بھارتی حکومت کو جیسے سانپ سونگھ گیا۔ پاکستان کے ایٹمی دھماکوں سے نہ صرف ملکی سرحدیں محفوظ ہوئیں بلکہ دشمن کا تکبر بھی خاک میں مل کر رہ گیا۔ واضح رہے کہ پاکستان کو ایٹمی دھماکوں سے روکنے کیلئے دنیا بھر کے دبا کا سامنا بھی کرنا پڑا مگر اس وقت کی حکومت نے ملک کو ایٹمی قوت سے ہمکنار کرنے کیلئے دبا اور دھمکیوں کی پرواہ نہ کی۔ دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر میں بھی یوم تکبیر منایا گیا ۔

ہر سال یوم تکبیر کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر میں بھی تقریبات منعقد کی گئیں ، اس دن خاص طور پر وطن عزیز کے دفاع کو مضبوط کرنے کیلئے قربانیاں دینے والے عظیم شہدا کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ جذبہ ایمانی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے سرشار پاک فوج اسی دن ایٹمی ہتھیاروں سے مسلح ہوگئی تھی، جو اب دشمن کی ہر جارحیت اور خطرے کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت بھی رکھتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں