سینیٹر یوسف رضا گیلانی

یوسف رضا گیلانی سینیٹ میں قائد حزب اختلاف مقرر ،نوٹیفیکیشن جاری

اسلام آبا د(عکس آن لائن ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم سینیٹر یوسف رضا گیلانی سینیٹ میں قائد حزب اختلاف مقرر ہو گئے ، اس سلسلے میں سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے باقائدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے ، یوسف رضا گیلانی نے 30ارکان کی حمایت کے ساتھ اپوزیشن لیڈر کے لئے درخواست جمع کرائی ،پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان کے مطابق پیپلزپارٹی کے 21، اے این پی کے2 ، جماعت اسلامی کے ایک، فاٹا کے دو اور سینیٹر دلاور خان کے بنائے گئے آزاد گروپ کے چار سینیٹرز کی حمایت کے ساتھ درخواست جمع کرائی گئی،

ذرائع کے مطابق یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور حکومت کے تعاون اورکوششوں سے سینیٹرز کی مطلوبہ تعداد پوری کرنے میں مدد ملی ، 2آزادارکان سینیٹ سینیٹر ہدایت اﷲ اور سینیٹر ہلال الرحمان نے یوسف رضا گیلانی کی حمایت کی ، دونوں ارکان چیئرمین سینیٹ کے قریبی دوست بتائے جاتے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے 30ارکان کی حمایت کے ساتھ اپوزیشن لیڈر کے لئے درخواست جمع کرائی،

اس موقع پر ان کے ہمراہ پاکستان پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمان بھی موجود تھیں ، درخواست جمع کرانے کے بعد صحافی نے یوسف رضا گیلانی سے سوال کیا کہ کتنے لوگوں کی حمایت آپ کو حاصل ہوئی ہے؟ جس پر یوسف رضا گیلانی نے جواب دیا کہ یہ سینیٹر شیری رحمان بتائیں گی اس نے تو مجھے یہاں بلا لیا ہے مجھے پتہ ہی نہیں، اس موقع پر سینیٹر شیری رحمان نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے 21، اے این پی کے2 ،جماعت اسلامی کے ایک، فاٹا کے دو اور سینیٹر دلاور خان کے بنائے گئے آزاد گروپ کے چار سینیٹرز کی حمایت کے ساتھ درخواست جمع کرائی ۔ صحافی نے سوال کیا کہ تو یہ سمجھا جائے کہ پی ڈی ایم کا فیصلہ نہیں مانا گیا اور پی ڈی ایم کا جنازہ پڑھا گیا؟ جس پر سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم کا کیوں جنازہ پڑھا گیا، یہ تو پیپلز پارٹی کا حق تھا ۔ بعدازاں سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے باقائدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا جس کے مطابق سینیٹر یوسف رضا گیلانی سینیٹ میں قائد حزب اختلاف مقرر ہو گئے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں