ترک صدر

یورپی لیڈرفرانسیسی صدر کے اسلام مخالف ایجنڈے کو روکیں،ترک صدرکامطالبہ

انقرہ ( عکس آن لائن) ترکی اور فرانس کے درمیان گستاخانہ خاکوں کے معاملے پرپیدا ہونے والا تنازع شدت اختیار کرگیا ہے اور صدر رجب طیب ایردوآن نے ترکوں سے فرانسیسی اشیا کے بائیکاٹ کی اپیل کردی ہے۔ انھوں نے یورپی یونین کے لیڈروں پر زوردیا ہے کہ وہ فرانسیسی صدر عمانوایل ماکروں کے اسلام مخالف ایجنڈا کو روکیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترک صدر نے ایک بیان میں کہا کہ جس طرح وہ یہ کہتے ہیں کہ فرانس میں ترک برانڈز کی اشیا کی خریداری نہ کی جائے،اسی طرح میں بھی اپنے تمام شہریوں پر زوردیتا ہوں کہ وہ کبھی فرانسیسی برانڈز کی مدد کریں اور نہ انھیں خرید کریں۔صدر ایردوآن نے کہا کہ یورپ میں مسلمانوں کو بالکل اس طرح کی نسلی تطہیری مہم کا سامنا ہے،جس طرح کی مہم دوسری عالمی جنگ سے قبل یہود کے خلاف برپا کی گئی تھی۔

انھوں نے بعض مغربی لیڈروں پر اسلام فوبیا کا چیمپئن ہونے کا الزام عاید کیا ہے اور انھیں فاشسٹ قرار دیا ہے۔انھوں نے کسی مغربی لیڈر کا نام لیے بغیر کہا کہ آپ حقیقی معنوں میں فاشسٹ ہیں اور آپ کا سلسلہ نازی ازم سے جا کر جڑ جاتا ہے۔ رجب طیب ایردوآن نے ترکی میں ماہ ربیع الاول میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ہفت روزہ تقریبات کے آغاز کے موقع پر کہا کہ یورپی لیڈروں کو عمانوایل ماکروں کے اسلام مخالف ایجنڈے کو روکنا چاہیے۔فرانس میں 16 اکتوبر کو ایک اسکول کی جماعت میں اظہاررائے کی آزادی کے نام پر پیغمبراسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے توہین آمیز گستاخانہ خاکے دکھانے کے واقعے کے بعد سے ایک بھونچال برپا ہے۔ایک چیچن نژاد نوجوان نے جماعت میں خاکے دکھانے والے فرانسیسی استاد کا سرقلم کردیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں