اسحق ڈار

ہم سودی نظام کو فروغ دے کر اللہ اور اس کے رسول ۖ سے جنگ نہیں کرسکتے، وزیر خزانہ

اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ ہم ملک میں سودی نظام کو فروغ دے کر اللہ اور اس کے رسول ۖسے جنگ نہیں کرسکتے۔نیشنل اسلامک اقتصادی فورم سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پاکستان میں اسلامی نظام معیشت کا لائحہ عمل کیسا ہوگا اور اس کیلئے کیا اقدامات کیے جاسکتے ہیں، یہ موضوع میرے دل کے بہت نزدیک ہے اور میری خواہش ہے کہ جتنا جلد ہوسکے ہم اپنے ملک میں سود کے نظام کا خاتمہ کریں۔وزیر خزانہ نے کہاکہ یقیناایسی کانفرنسز، مباحثے اور کاوشیں اس نیک مقصد کے حصول میں حکومت کے لیے مددگار ثابت ہوں گی۔اسحٰق ڈار نے کہا کہ میں نے ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سعید احمد کو یہ چیلنج اور یہ ذمہ داری دلوائی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پوری کوشش کی جو کچھ بھی حکومت تیزی سے کرسکے مثلاً ٹیکس میں مساویت نہیں تھی اسے حل کیا گیا، خصوصی ترمیم کی گئی، سیکیورٹی ایکسچینج کے حوالے سے اقدامات کیے گئے، وزات خزانہ میں ایک سینر افسر کی قیادت میں ایک ونگ قائم کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ فنانس ایکٹ بی 2016 میں اسلامی بینکاری کو تیز رفتار سے ترقی دینے کیلئے لسٹڈ مینوفیکچرنگ کمپنیوں کو 2 فیصد ٹیکس کی رعایت دی گئی، جس کی صرف ایک شرط بیلنس شیٹ کا شریعت کے مطابق ہونا تھا۔انہوںنے کہاکہ یہ کاوش جاری تھی جس کے فوائد بھی ملے، اس وقت صرف پاکستان واحد اسلامی بینک میزان بینک تھا جس کی تقریباً 100 شاخیں تھیں، لیکن اگر آپ اچھی نیت کرلیں تو اس کے نتائج بھی اچھے نکلتے ہیں اور وہ 100 برانچز والا بینک آج ایک ہزار برانچز پر مشتمل بینک بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ایک وقفہ آیا جس کے دوران میں نے دیکھا ایک اور بینک نے سا جانب پیش قدمی کی جو فیصل بینک تھا، صرف ایک چھوٹا سا سیکشن بنا لینا کافی نہیں ہے، انہوں نے کیا اور اتنی برکت ہوئی کہ اگر اس کی گزشتہ 4 سال کی بیلنس شیٹ دیکھی جائے تو اس اقدام سے قبل اور بعد کی بیلنس شیٹ میں فرق دیکھ لیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ مجھے یہاں تک اطلاع ملی کے جون کے مہینے تک اسلامی بینکوں میں اتنے زیادہ ڈپازٹس تھے کہ وہ مزید ڈپازٹس لینے سے معذرت کررہے تھے۔انہوںنے کہاکہ ایک چیز واضح ہے کہ اگر سب مل کر اپنی پوری کوشش کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ جو وفاقی شرعی عدالت نے نظام کو سود سے پاک کرنے کے لیے 5 سال کا وقت دیا ہے وہ نہیں ہوسکے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ جب یہ فیصلہ آیا تو خاصی مزاحمت سامنے آئی اور آناً فاناً اسٹیٹ بینک اور حکومت کے زیر اثر نیشنل بینک کے ساتھ ساتھ کچھ دیگر بینکس نے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کردی۔

انہوںنے کہاکہ جب میں نے یہ خبر پڑھی تو میں اور میاں نواز شریف اکٹھے بیٹھے تھے اور ہم نے فیصلہ کیا کہ اگر ہم حکومت میں ہوئے تو یہ اپیلیں واپس لی جائیں گی، ہم پوری کوشش کریں گے۔انہوںنے کہاکہ اس سے پہلے ہم نے جو 5 سال گزارے اس میں ملک ترقی کررہا تھا، اس کی پوری دنیا تعریف کررہی تھی، اشیائے خورو نوش کی مہنگائی صرف 2 فیصد جبکہ عمومی مہنگائی محض 6.4 فیصد تھی، ملک کی اسٹاک بلندیوں کو چھو رہی تھی اور جنوبی ایشیا کی سب سے بہترین جبکہ دنیا کی پانچویں بہترین اسٹاک تھی۔انہوںنے کہاکہ یہ نیت اور برکت کی وجہ سے تھا اور پاکستان 6.1 فیصد کی رفتار سے ترقی کررہا تھا اور عالمی ادارے نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ پاکستان 2030 تک جی 20 ممالک میں شامل ہوجائے گا۔انہوںنے کہاہک پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ 5 سال کے تجربوں نے اسے وہاں لا کر کھڑا کردیا ہے کہ 2022 میں یہ دنیا کی 47ویں معیشت بن چکا جو کہ اسے پہلے 24ویں معیشت تھا۔

اسحٰق ڈار نے کہا جو آج مہنگائی ہے، افراتفری ہے ایل سیز کی شکایتیں ہیں یہ سب کی سب مس منیجمنٹ اور مس گورننس کا نتیجہ ہے اور ہمیں سبق سیکھنا اور اللہ سے توبہ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ میں نے اور میاں نواز شریف نے فیصلہ کیا تھا کہ جتنی جلد ممکن ہو ہم اپنے حقیقی فیصلوں کو دہرائیں گے اور ان پر عملدرآمد کریں گے اور چند ہفتوں میں ہی ملک میں معیشت اتنی تباہ ہوچکی تھی کہ مجھے نہیں پتا تھا کہ اتنی جلدی کہا جائے گا کہ چوتھی مرتبہ یہ ذمہ داری سنبھالیں گے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ جونہی میں واپس آیا تو ابتدائی ہفتوں کے دوران میں نے جو پہلا کام کیا وہ یہ کہ گورنر اسٹیٹ بینک اور نیشنل بینک کو ہدایت کی کہ فوری طور پر یہ درخواست واپس لی جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم سودی نظام کو فروغ دے کر اللہ اور اس کے رسول سے جنگ نہیں کرسکتے، کم از کم ہم کوشش کریں اور آج کی کاوش بھی اسی کی جانب ایک قدم ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ اپیلیں واپس لے کر دوبارہ ایک کمیٹی قائم کردی گئی ہے جس کا سربراہ اسٹیٹی بینک کے گورنر کو بنایا گیا ہے جس میں علمائے کرام، صنعتکار، بینکرز شامل ہیں اور کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوچکا ہے جسے ہم تیزی سے آگے لے کر چلیں گے

اپنا تبصرہ بھیجیں