کرونا وائرس

گرمی میں کرونا وائرس کے ختم ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا، عالمی ادارہ صحت

جنیوا (عکس آن لائن ) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ایک سینئر ماہر نے کہا ہے کہ ابھی تک اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ کرونا وائرس گرمیوں میں غائب ہو جائے گا۔ انہوں نے موجودہ مرحلے پر وائرس سے فیصلہ کن لڑائی کے لئے ممالک پر زور دیا۔

روز مرہ کی بریفنگ دیتے ہوئے ڈبلیو ایچ او ہیلتھ ایمرجنسی پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مائیکل ریان نے کہا کہ ہمیں ابھی تک معلوم نہیں کہ مختلف موسمی حالات میں وائرس کا طرزعمل یا سرگرمی کیا ہو گی۔

یہ اس مفروضے کےخلاف انتباہ ہے جس کے مطابق گرمیوں میں یہ وائرس زکام کی طرح خود ہی ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ فرض کرنا ہو گا کہ وائرس اپنی پھیلنے کی صلاحیت برقرار رکھے گا۔

علاوہ ازیں ریان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مرض کرہ ارض پر کہیں بھی ابھر سکتا ہے، مثال کے طور پر ایبولا افریقہ میں اکثر ظاہر ہوتا ہے،جبکہ آخری وبائی بیماری انفلوائنزا(ایچ ون این ون) شمالی امریکہ میں سامنے آئی تھی۔

انہوں نے ممالک اور معاشروں سے اپیل کی کہ وہ” الزام تراشی “سے گریز کریں اور جان بچانے کےلئے ضرروری تمام اقدامات اٹھائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں