ناصر شاہ

کیپٹن(ر)صفدر کی گرفتاری وفاقی حکومت کا کھیل ہے اور ان کی ہی ایماءپر کی گئی ہے ، ناصر شاہ

کراچی (عکس آن لائن)صوبائی وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ (ن) لیگی رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان کی گرفتاری وفاقی حکومت کا کھیل ہے اور ان کی ہی ایماءپر کی گئی ہے، سندھ حکومت تفتیش سے پہلے صفدر اعوان کی گرفتاری کی مذمت کرتی ہے۔

پیر کو صوبائی وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے رہنما مسلم لیگ نون کیپٹن صفدر کی گرفتاری کے معاملے پر اپنے بیان میں کہا کہ سندھ حکومت نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کا نوٹس لیا ہے اور چار دیواری کا تقدس پامال کر کے گرفتاری قابل مذمت ہے جبکہ حکومت سندھ معاملے پر اعلیٰ سطح انکوائری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سارا کھیل وفاقی حکومت کی ایماءپر ہوا ہے، کارروائی سے پہلے سندھ حکومت کو آگاہ نہیں کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ مزار قائد میں جو واقعہ پیش آیا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا اور اس پر تحریک انصاف نے کیس کےلئے الگ الگ درخواستیں دی تھیں جبکہ پوریس نے درخواستوں کو غیر قانونی قرار دے کر خارج کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم بورڈ نے پولیس کو درخواست دی، جس پر پولیس نے قائداعظم بورڈ کو مجسٹریٹ کو درخواست دینے کا مشورہ دیا جبکہ ایک شخص نے درخواست دی کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان نے اس کو جان سے مارنے کی دھمکی دی ہے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے حقائق کی بنیاد پر تفتیش شروع کر دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں