کورونا

کورونا کی بڑھتی ہوئی وباء کے باعث سٹیل ملز میں آکسیجن کا بڑا یونٹ فعال کیا جائے ،راجہ عدیل

لاہور(عکس آن لائن)آئرن و سٹیل مارکیٹس لاہور کے صدرراجہ عدیل نے ملک میں بڑھتی ہوئی کورونا وباء اور لاہور کے ہسپتالوں میں آکسیجن سلنڈر سٹاک ختم ہونے کی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سٹیل میں آکسیجن کا بڑا یونٹ ان حالات میں بھی بند پڑا ہے سٹیل ملز کا آکیسجن پلانٹ پندرہ ہزار دو سو کیوبک میٹر فی گھنٹہ کی پیداوار دے سکتا ہے اور انجینئر ز کی رپورٹ کے مطابق سٹیل ملز کا آکسیجن پلانٹ یومیہ 25ہزار آکسیجن سلنڈر بھرنے کی صلاحیت رکھتا ہے سٹیل ملز پلانٹ میں آکسیجن گیس سلنڈرز کی کمی ہونے پر سلنڈر مینوفیکچرنگ بھی ممکن ہے.

انہوں نے کہا کہ کورونا کی بڑھتی ہوئی وباء کے باعث سٹیل ملز میں آکسیجن کا بڑا یونٹ فوری طور پر فعال کرے تاکہ کورونا وباء میں ملک بھر میں آکیسجن کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے اورہمسائیہ ملک بھارت جیسی صورتحال سے بچا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے آئرن و سٹیل ملز کے صنعتکاروں و تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ راجہ عدیل اشفاق نے کہا کہ پاکستان سٹیل ملز قومی ادارہ ہے اس کی بحالی سے ملک اسٹیل کی پیداوار میں خودکفیل ہوگا اور قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی ۔اس لیے حکومت پاکستان سٹیل مل میں موجود آکسیجن پلانٹ کو چالو کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان سٹیل کی بحالی کیلئے بھی اقدامات کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں