مرتضیٰ وہاب

کورونا کیسز خطرناک حد تک بڑھ سکتے ہیں اور اسپتالوں میں گنجائش ختم ہوسکتی ہے‘ مرتضیٰ وہاب

کراچی(عکس آن لائن ) سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے آئندہ دنوں میں کورونا کیسز کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافے کا خدشہ ظاہر کردیا، عید کی چھٹیوں میں لوگوں نے احتیاط کا دامن چھوڑ دیا، اس سے کورونا کیسز کی تعداد آنے والے دنوں میں خطرناک حدتک بڑھ سکتی ہے۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ 10 سے 12 روز میں اسپتالوں میں مریضوں کی گنجائش ختم ہوسکتی ہے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ صورتحال بہتر لمحہ فکریہ ہے، مریضوں اور اموات میں اضافہ ہورہا ہے، ہلاکتیں بتارہی ہیں کہ صورتحال کتنی خطرناک ہے، لوگوں کی ترجیح نجی اسپتال ہے لیکن وہاں بھی گنجائش ختم ہوچکی ہے مگر سرکاری اسپتال میں کچھ گنجائش ہے اور وزیراعلیٰ گنجائش مزید بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ نیپا کراچی میں 200 بستروں پر مشتمل عارضی اسپتال بنارہے ہیں، کراچی یونیورسٹی کے پاس بھی جگہ دیکھی ہے جہاں 50 بستر لگائیں گے اس کے علاوہ لیاری اور جنرل اسپتال میں بھی بستروں کی تعداد بڑھارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس طرح سے نمبرز بڑھ رہے ہیں صورتحال خطرناک ہے اور مزید آنے والے دنوں میں ہوسکتی ہے، جس طرح پچھلے 10 روز میں کیسز آئے سب کے سامنے ہیں،

آج سے 10 روز پہلے 16 سے 17 افراد وینٹی لیٹرز پر تھے جو اب 40 سے 50 ہوگئے ہیں، ا?ئی سی یو میں بھی مریضوں کی تعداد 40 سے 80 تک جا پہنچی ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ملک بھرمیں 14روزکاسخت لاک ڈاو ن ہوجائے تو کافی حد تک قابو پاسکتے ہیں لیکن لگتا نہیں کہ وفاقی حکومت سخت لاک ڈاون کی طرف جائےگی البتہ این سی سی اجلاس میں تمام حقائق وزیراعظم کےسامنے رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں