شہباز شریف

کورونا اجتماعی امتحان ہے، اس میں اجتماعی طورپر ہی ہم سرخرو ہوسکتے ہیں، شہبازشریف

لاہور(عکس آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ میں آپ کا شکر گزار ہوں کہ آج آپ سب اس مشاورت میں شامل ہوئے، جیسا کہ آپ بخوبی آگاہ ہیں کہ ہمارے قائد جناب محمد نوازشریف کا دل کا انتہائی اہم اور حساس آپریشن ہونا ہے،

میں ان کے علاج اور اس ضمن میں انتظامات میں مصروف عمل تھا،انشاءاللہ اس کی تیاریاں مکمل ہیں اور آئندہ ہفتے یہ آپریشن متوقع ہے،یہ ان کے علاج کے حوالے سے انتہائی اہم مرحلہ ہے،آپ سب کے لئے بہت دعاوں اور نیک تمناوں کا پیغام دیا،قائد محترم کا فرمانا ہے کہ وہ موجودہ صورتحال پر انتہائی دکھی ہیں کہ قوم کو مشکل اور ان صبرآزما حالات کا سامنا ہے۔ بدھ کو پارٹی اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا میری آپ سب سے عاجزانہ درخواست ہے کہ محمد نوازشریف کی صحت کاملہ کے لئے خصوصی دعا فرمائیں،قائد محترم محمد نوازشریف کا آپ کے نام یہ بھی پیغام ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت، رہنما اور کارکنان مل کر ایک تاریخی کردار ادا کریں،

اس کڑے وقت میں قوم اور ملک کی نگہبانی اور مفادات کے تحفظ کے لئے کاوشیں کریں،قوم کے ایک خادم، ایک رضاکار کے طورپر اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کورونا نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ قیمتی جانوں کو ضیاع ہورہا ہے۔ سوا ارب سے زیادہ آبادی اپنے گھروں میں بند ہے،معیشت کی تباہی کورونا سے بھی بڑا خطرہ بن کر ظاہرہورہی ہے،پاکستان میں بھی کورونا کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس پر پوری قوم پریشان اور مضطرب ہے،اس صورتحال کا تقاضا ہے کہ ہم مکمل قومی اتحاد، یک جہتی ، اخوت اور بھائی چارے کے عظیم جذبے پر کاربند ہوں،ہم نے سیاست اور سیاسی مفادات کو اس وقت ترجیح نہیں دینی،سیاسی نقصان ہوتا ہے تو ہوجائے لیکن ہم نے اپنے اصل ہدف پر نظر رکھنی ہے۔

انہوں نے کہااس وقت ہمارا اصل مقصد اپنی قوم کی بقاء کی جنگ ہے،آج ہم نے عوام کے خادم کا کردار ادا کرنا ہے،آج ہم نے بڑے بھائی، خیرخواہ کا کردار ادا کرنا ہے۔،یہ اجتماعی امتحان ہے، اس میں اجتماعی طورپر ہی ہم سرخرو ہوسکتے ہیں،اس صورتحال کا تقاضا ہے کہ ہم مکمل قومی اتحاد، یک جہتی ، اخوت اور بھائی چارے کے عظیم جذبے پر کاربند ہوں۔ انہوں نے کہا پاکستان مسلم لیگ (ن) پر سب سے بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے،ہم پاکستان کی خالق جماعت کے وارث ہیں،ہم قائداعظم کے سپاہی ہیں،ہم نے اس ارض وطن کے لئے ہمیشہ اپنا تن، من، دھن لگایا ہے۔

ہر قربانی دی ہے،انشاءللہ آزمائش کی اس گھڑی میں بھی ہم کامیاب ہوں گے اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،مجھے آپ کو یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے باہمی مشاورت، غوروخوض، مختلف ماہرین کی تجاویز اور اپنے تجربے کی روشنی میں ایک جامع قومی حکمت عملی مرتب کی تاکہ اس وقت قوم کو جس خطرناک اور مخدوش صورتحال کا سامنا ہے، اس میں واضح راہ عمل متعین ہوسکے۔ہم نے کورونا اور معیشت سے ہونے والی تباہی کی سونامی کے آگے بند باندھنے کے لئے ایک ٹھوس، قابل عمل اور جامع نیشنل ایکشن پلان دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا اس قومی حکمت عملی میں فنانشل ایمرجنسی کے نفاذ کا مطالبہ کیاگیا ہے،لاک ڈاون کی صورت میں عوام کو خوراک اور دیگر اشیائے ضروریہ پہنچانے کے لئے پروگرام مرتب کرنے کا مطالبہ کیاگیا ہے،مالی، انتظامی اور دیگر متعلقہ تمام پہلووں کے حوالے سے سفارشات دی گئی ہیں، اللہ تعالی کا شکر ہے کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں کی قیادت سے گزشتہ روزجو مشاورت ہوئی، اس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی تیار کردہ قومی حکمت عملی کی مکمل تائید کرتے ہوئے اسے منظور کرلیاگیا،بجا طورپر ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے فعال کردار کی وجہ سے حکومت کو اقدامات کرنے پڑے ہیں جو اب تک خواب غفلت کا شکار تھی اور لیت ولعل سے کام لیاجارہا تھا۔ قومی حکمت عملی اب پوری اپوزیشن کی حکمت عملی ہے جسے ہم حکومت کو پیش کررہے ہیں کہ اس پر فی الفور عمل کیاجائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں