ڈبلیو ایچ او

کروناکیسوں میں سات ہفتے بعد اضافہ شروع ہوگیا،سربراہ ڈبلیو ایچ او

نیویارک (عکس آن لائن)عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کے سربراہ تیدروس ادانوم غیبریوسس نے خبردار کیا ہے کہ گذشتہ سات ہفتے کے بعد پہلی مرتبہ کروناوائرس کے یومیہ تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ گذشتہ ہفتے کے دوران میں کووِڈ19کے کیسوں میں پہلی مرتبہ اضافہ دیکھنے میں آیا ۔ڈبلیو ایچ او کے مطابق چھ میں سے چار خطوں امریکا ، یورپ ، جنوب مشرقی ایشیا اور مشرقی بحر متوسط میں کروناوائرس کے کیسوں کی تعداد بڑھی ہے۔یہ مایوس کن صورت حال ہے لیکن حیران کن ہرگز بھی نہیں۔انھوں نے ممالک کو باور کرایا کہ صرف ویکسین سے لوگوں کو کووِڈ-19 کا شکار ہونے سے نہیں بچایا جاسکتا۔

ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ہم کووِڈ19کے دوبارہ پھیلنے اور کیسوں میں اضافے کو سمجھنے کے لیے کام کررہے ہیں۔بظاہر ایک وجہ تو یہ ہے کہ صحتِ عامہ کے تحفظ کے لیے لگائی گئی قدغنوں میں نرمی کردی گئی ہے۔اس مہلک وائرس کی نئی شکلوں کا پھیلا ئوجاری ہے اور لوگوں نے خود حفاظتی ترک کردی ہے۔انھوں نے دنیا کی حکومتوں پر زوردیا کہ وہ کووِڈ19کی ٹیسٹنگ ، کسی مریض سے رابطے میں آنے والے لوگوں کا سراغ لگانے ،متاثرہ افراد کو الگ تھلگ رکھنے یا قرنطین کی معاونت کریں اور حفظانِ صحت کی معیاری سہولتیں مہیا کریں۔افراد اکٹھ لگانے سے گریز کریں، جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں، ہاتھوں کو دھوئیں،عوامی مقامات پر ماسک پہن کررکھیں اور مناسب ہواخوری کو یقینی بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں