کبڈی ورلڈ کپ

کبڈی ورلڈ کپ 2020ء پاکستان نے دفاعی چیمپئن بھارت کو شکست دیکر جیت لیا

لاہور(عکس آن لائن) سپورٹس بورڈ پنجاب اور کبڈی فیڈریشن پاکستان کے باہمی تعاون سے ہونے والا کبڈی ورلڈ کپ 2020ء پاکستان نے دفاعی چیمپئن بھارت کو شکست دیکر جیت لیا ہے، فائنل میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعدبھارت کو 43-41 سے ہرایا، فائنل کے موقع پر پنجاب سٹیڈیم میں ہزاروں شائقین نے میچ دیکھا، سٹیڈیم کچھا کھچ بھرا ہوا تھا۔ قومی ٹیم کی فتح پر سٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔

تفصیلات کے مطابق کبڈی ورلڈ کپ 2020ء کا فائنل اتوار کی شب پنجاب سٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، دونوں ٹیمیں ایک دوسرے پر حاوی رہیں، پاکستان اور بھارت کے کھلاڑیوں نے خوبصورت ریڈ کئے اور جھاپھی بھی ریڈرز کو روک کرٹیم کیلئے پوائنٹس حاصل کرتے رہے، میچ کے پہلے ہاف میں بھارت کی ٹیم کو پاکستان کی ٹیم پر سبقت رہی، پہلے ہاف میں پوائنٹس 24-18رہے، دوسرے ہاف میں پاکستان کی ٹیم نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور بھارتی ٹیم کی برتری کو کم کرنے میں کامیاب رہی، پاکستانی ریڈرزکپتان عرفان مانا اور شفیق چشتی نمایاں رہے جو کہ زیادہ تر پوائنٹس لیکر ہی واپس لوٹتے رہے،

ملک بن یامین نے بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا،دوسرے ہاف میں پاکستانی ٹیم نے اپنی پوزیشن بہتر بنا لی اور بھارت کی ٹیم سے پوائنٹس میں آگے بڑھتی رہی یہ برتری میچ کے اختتام تک برقرار رکھی اور فائنل میں بھارت کو 43-41 سے شکست دے کر کبڈی ورلڈ کپ 2020ء جیت لیا۔ شائقین کبڈی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے پر کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی، پنجاب سٹیڈیم قومی کبڈی ٹیم کی فتح پر پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا،شائقین فتح پر بھنگڑے ڈالتے رہے۔

کھلاڑیوں نے فتح کے بعد گراؤنڈ کا چکر بھی لگایا۔کبڈی ورلڈ کپ 2020ء کے فائنل کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب چودھری محمد سرورنے پاکستان کی فاتح کبڈی ٹیم و ورلڈ کپ ٹرافی، رنر اپ ٹرافی بھارت کو دی،گورنرپنجاب نے پاکستان کی فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں کو سونے اور رنر اپ بھارت کی ٹیم کے کھلاڑیوں کو چاندی کے میڈلز پہنائے، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے عالمی چیمپئن پاکستان کی ٹیم کو ایک کروڑ روپے انعام،رنراپ ٹیم بھارت کو 75لاکھ روپے جبکہ ایران کی ٹیم کو تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر 50لاکھ روپے کے کیش انعامات دیئے گئے۔صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی نے مہمان خصوصی گورنر پنجاب چودھری سرور کو سوینئر پیش کیا جبکہ گورنر چودھری محمدسرور نے صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، صوبائی زراعت ملک نعمان لنگڑیال اور کبڈی فیڈریشن پاکستان کے صدر چودھری شافع حسین، سیکرٹری سپورٹس پنجاب احسان بھٹہ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد ولکھ اور راؤ عمر ہاشم، کو سوینئر دیئے۔ایران کی ٹیم نے آسٹریلیا کی ٹیم کو شکست دیکر کبڈی ورلڈ کپ 2020ء میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ایران نے آسٹریلیا کو 53-33سے ہرایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں