کاشتکار مکئی

کاشتکار مکئی کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے پھول آنے سے پہلے یوریا کھاد اور 6 سے8بار پانی ضرور لگائیں،محکمہ زراعت

فیصل آباد (عکس آن لائن)محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کوبہاریہ مکئی کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے ضروری ہدایات پر عملدرآمد کیلئے سفارشات پیش کی ہیں اورکہاہے کہ جب بہاریہ مکئی کی فصل ایک فٹ ہوجائے تو فوری طور پر ایک بوری یوریا کھاد فی ایکڑ ڈالیں اور جب اونچائی اڑھائی فٹ سے 3 فٹ ہو تو دوبارہ ایک بوری یوریا کھادفی ایکڑ ڈالی جائے تاکہ مکئی کی شاندار فصل کاحصول ممکن ہو سکے۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کاشتکاروں کو مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ کاشتکار پھول آنے سے پہلے ایک تا ڈیڑھ بوری یوریا فی ایکڑ ڈالیں اور مکئی کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے کم ازکم6 سے8 بارپانی ضرور لگائیں۔

انہوں نے کہاکہ ڈرل یا پلانٹر سے کاشت کی ہوئی مکئی کو پہلی آبپاشی اگا کے 3 سے 4 دن بعد کی جاتی ہے لیکن وٹوں پر کاشتہ مکئی کو اگا تک وتر میں رکھا جانا ضروری ہے اس کے بعد فصل کی حالت اور ضرورت کے مطابق پانی لگایا جائے نیز پھول آنے اوردانے کی دودھیا حالت میں فصل کو سوکھانہ آنے دیں ورنہ پیداوارپر بر ا اثر پڑے گا لیکن مکئی کی فصل پانی کی زیادتی کو بھی برداشت نہیں کرسکتی لہذا زیادہ بارش ہونے کی صورت میں فالتو پانی فورا کھیت سے نکال دیا جائے۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں مزید رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں