شلجم

کاشتکار شلجم، گاجر،مولی کی اگیتی کاشت رواں ہفتہ کے دوران مکمل کرلیں ، محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد

فیصل آباد (عکس آن لائن):کاشتکاروں کو شلجم، گاجر، مولی کی اگیتی فصل کی کاشت رواں ہفتہ کے دوران مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ کاشتکار مولی کا بیج 4کلو گرام، شلجم کا بیج ایک کلو گرام اور گاجر کا بیج 5کلو گرام فی ایکڑ کے حساب سے استعمال کریں نیز مولی، شلجم کو کھیلیوں میں کاشت کیاجائے اور کھیلیوں کا فاصلہ ڈیڑھ فٹ تک رکھا جائے تاکہ فصل کی بہترین نشوونما ہو سکے۔چوہدری خالد محمود ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادنے کہاکہ کاشتکاروں کو سبزیوں کی کاشت کے ضمن میں محکمہ زراعت اور ماہرین زراعت کے مشوروں پر عملدرآمد کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار آلو کی کاشت کیلئے صحت مند بیج کا بندوبست کریں تاکہ بوقت کاشت انہیں کوئی پریشانی نہ ہو۔

انہوں نے کہاکہ اس کیلئے زمین کی تیاری، کھاد، مزوور اور مشینری کا انتظام بھی بروقت ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار سرخ مرچ کی برداشت جاری رکھیں اور بیج کیلئے اگیتی، تندرست، خوش نما مرچوں کاانتخاب یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ برداشت کردہ مرچوں کو ریت کی شکل میں نہ رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہاکہ بے موسمی سبزیوں کی کاشت کیلئے محکمہ زراعت سے ٹنل ٹیکنالوجی بارے رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں