سورج مکھی

کاشتکار سورج مکھی کی منظور شدہ اقسام کاشت کریں، محکمہ زراعت

فیصل آباد (عکس آن لائن)محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا کہ کاشتکار سورج مکھی کی منظور شدہ اقسام کاشت کریں تاکہ انہیں بہتر پیداوار حاصل ہو سکے جبکہ گنے اور اگیتی کپاس کے ساتھ سورج مکھی کی مخلو ط کاشت بھی انتہائی کامیاب رہی ہے نیز موسمی حالات کے باعث رواں سا ل سورج مکھی کی کاشت کیلئے انتہائی موزوں ہے کیونکہ امسال بین الاقوامی سطح پر بھی خوردنی تیل کے نرخوں میں زبردست اضافہ ہو گیاہے اور توقع ہے کہ سورج مکھی کی مقامی فصل کی برداشت تک اس کے نرخ اور بھی بڑھ جائیں گے۔

انہوں نے بتایاکہ فیصل آباد ڈویژن سمیت میانوالی، سرگودھا، خوشاب، ساہیوال، اوکاڑہ میں آج 15جنوری سے سورج مکھی کی کاشت شروع ہوگی جو 15فروری تک جاری رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ بہاولپور، رحیم یار خان، خانیوال، ملتان، وہاڑی، بہاولنگر، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان، لیہ، لودھراں، راجن پور،بھکر میں سورج مکھی کی کاشت 31 جنوری تک مکمل ہو جائیگی۔

انہوں نے بتایاکہ لاہور، قصور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، اٹک، راولپنڈی، گجرات، منڈی بہاالدین، ناوروال اور چکوال کے اضلا ع میں سورج مکھی کی کاشت یکم فروری سے شروع ہو کر 25فروری تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ ایسے کاشتکار جنہوں نے دھان اور کپاس کے بعد گندم کاشت نہیں کی وہ سورج مکھی کاشت کر کے اپنی آمدنی میں خاطرخواہ اضافہ کر سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں