چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ کو ترکی کے سپیکر کا فون، طیارہ حادثہ پر اظہار افسوس کیا

اسلام آباد(عکس آن لائن)ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر مصطفی سینتوپ نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کو فون کیا، ترک سپیکر نے طیارہ حادثہ پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ ہم پاکستانی بھائیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں،ٹیلی فونک گفتگو کے دوران انہوں نے اہم امور، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد بھی دی۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاکستان۔ترکی تعلقات، بین الپارلیمانی تعلقات، عوامی سطح پر روابط کو مزید فروغ دیں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امن، ترقی، اقتصادی خوشحالی ہمارا مشترکہ ایجنڈا ہے۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ موجودہ حالات میں پارلیمانوں پر بھاری ذمہ داری آ گئی ہے، ہمیں تحقیق اور ترقی کے سلسلہ میں معاونت کو مزید فروغ دینا ہو گا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث عالمی سطح پر رابطہ کاری اور معاونت کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، کورونا وائرس نے نئے چیلنجز پیدا کر دیئے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے ترکی کے سپیکر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ سپیکر گرینڈ نیشنل اسمبلی ترکی نے دورے کی دعوت قبول کی اور کہا کہ مناسب وقت پر پاکستان کا دورہ کروں گا۔ ترک سپیکر نے کہا کہ ترک صدر کا پاکستان کی پارلیمان سے خطاب تاریخی نوعیت کا تھا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے ترقی کے مشترکہ وژن پر ترک صدر کے خطاب میں دیئے گئے چارٹر پر عمل کریں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے ترک سپیکر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ترکی نے ہمیشہ پاکستان کے نقطہ نظر کو سراہا ہے اور ساتھ دیا ہے۔ دونوں رہنماو¿ں نے علاقائی ترقی و خوشحالی کےلئے کوششیں مزید تیز کرنے پر اتفاق بھی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں