چائے کی درآمدات

چائے کی درآمدات میں نو ماہ کے دوران15.61 فیصد کمی ہوئی، ادارہ برائے شماریات

اسلام آباد (عکس آن لائن) رواں مالی سال کے دوران چائے کی درآمدات میں 15.61 فیصد کمی ہوئی ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی9 ماہ کے دوران چائے کی پتی کی درآمدات کا حجم 376.240 ملین ڈالر تک کم ہو گیا جبکہ جولائی تا مارچ 2018-19ء کے دوران چائے کی درآمدات 445.816 ملین ڈالر رہی تھیں۔

اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں کے دوران چائے کی ملکی درآمدات میں 69.576 ملین ڈالر یعنی 15.61 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پی بی ایس کے مطابق بالحاظ وزن رواں مالی سال کے دوران درآمدات میں 8.68 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور چائے کی درآمدات کا وزن گذشتہ مالی سال کے پہلے 9 ماہ کی درآمدات 170.311 میٹرک ٹن کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 155.528 ملین ڈالر تک کم ہو گیا۔

ادھر جاری مالی سال میں غذائی اجناس کی مجموعی درآمدات بھی 7 فیصد کی کمی سے 4261.355 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 3963.258 ملین ڈالر تک کم ہو گئی ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں پاکستان کا تجارتی خسارہ 25.68 فیصد کم ہوا ہے جس سے زرمبادلہ کی بچت ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں