مسرت جمشید چیمہ

پی ڈی ایم کے 23مارچ جیسے دن کے موقع پر احتجاج کیلئے بضد رہنے سے انکی ”ذہنیت ”عیاں ہے’ مسرت جمشید چیمہ

لاہور( عکس آن لائن)پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے 23مارچ جیسے دن کے موقع پر احتجاج کیلئے بضد رہنے سے ان کی ”ذہنیت ”عیاں ہے،23مارچ کے دن احتجاج کیلئے نکلنا ہرگز آئینی و شرعی نہیں بلکہ کرپشن میں لتھڑی ہوئی ایسوسی ایشن کا بغض ہے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مارچ کا مہینہ حکومت نہیں بلکہ کرپٹ ٹولے کی سیاست کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، مولانا فضل الرحمان بھی کہہ رہے ہیں”سارا ٹبر چور ہے” کیا اصطلاح شریف خاندان کے لئے استعمال نہیں ہوتی آئی ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ لیگی ترجمانوں کو یاد ہونا چاہیے نام نہاد خادم اعلی نے پنجاب سپیڈ کو کرپشن سپیڈ سے تبدیل کیا ،وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں ہے جبکہ لیگی قیادت اور ان کے ہونہار سپوتوں کے لئے کرپشن ایک فیشن تھا ۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں صحت کے نظام کو ترقی دینے کے نام پر اربوں لگا کر اپنے اپنے حصے کے کھانچے مارے گئے ، ہم نے ایسی کوئی روایت پروان نہیں چڑھائی،موجودہ دور حکومت میں9 ہسپتالوں کے منصوبے تعمیر کے مراحل میں ہیںاور تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں ،موجودہ حکومت کا قومی صحت کارڈ کا منصوبہ ہی آپ کے تمام منصوبوں کے مقابلے میں تنہا کافی ہے۔مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ لیگی ترجمان نوکری ختم ہونے کی تشویش میں ہرگز مبتلا نہ ہوں، آپکے آئندہ پانچ سال بھی پکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں