کراچی(عکس آن لائن)پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے جلسے میں کراچی کی بات نہیں کی گئی، کراچی سے کشمور تک سندھ کے برے حالات کی ذمہ دار پیپلز پارٹی ہے۔
چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفی کمال نے دیگر رہنمائوں کے ہمراہ پاکستان ہاوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے کسی شہری نے پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت نہیں کی۔انہوں نے کہا سندھ کو توڑنے کی سازش کی گئی، کراچی میں لسانی بنیادوں پر7 اضلاع بنائے گئے ہیں، کراچی کے عوام کی گنتی مردم شماری میں درست نہیں کی گئی،اس پرکسی نے جلسے میں بات نہیں کی۔
ایک ماہ قبل وزیراعظم 1100 ارب کا کراچی پیکیج دے کرگئے۔ ہم نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ کراچی پیکیج لالی پاپ ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال این ایف سی ایوارڈ میں سندھ کو 800 ارب روپے ملے، سندھ میں 70 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، کراچی میں11 ہزار گھوسٹ اسکول ہیں۔کراچی میں کتے کے کاٹنے کے بعد لگائی جانے والی ویکسین تک دستیاب نہیں ہے۔ کورونا سے معیشت بحال نہیں ہوئی لیکن بجلی مہنگی کردی گئی۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن حکومت گرانے اور حکومت بچانے کی کوششوں میں مصروف ہے، وزیراعلی سندھ نے تمام تر اختیارات اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں۔ پی پی کے رہنما ایسے تقریریں کرتے ہیں جیسے کبھی حکومت میں رہے ہی نہیں۔
انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی 12 سالوں سے سندھ میں حکمرانی کررہی ہے،اگرسندھ میں کچھ برا ہوا ہے توسندھ حکومت نے برا کیا ہے،کراچی سے کشمور تک کسی نے برا کیا ہے تووہ سندھ حکومت نے کیا ہے۔مصطفی کمال نے کہا کہ عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ وہ پیپلزپارٹی سے سندھ کے لوگوں کی جان چھڑائیں گے،سندھ میں تباہی عمران خان نے نہیں پیپلزپارٹی نے کی ہے۔کراچی سے کشمور تک سندھ کے برے حالات کی ذمہ دار پیپلز پارٹی ہے۔