لاک ڈاون

لاک ڈاون،پی ٹی آئی اور پوری قوم اپنے ہم وطنوں کے ساتھ کھڑی ہے،ایس اے حمید ایڈووکیٹ

گوجرانوالہ(نمائندہ عکس آن لائن )ملک بھر میں لاک ڈاون کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے دیے گئے ریلیف پیکج کو مستحق افراد تک پہنچانے کیلئے رضا کار فورس کی حکمت عملی طے کر لی گئی ہے۔انشاءاللہ جلد ایک کروڑبیس لاکھ مستحق خاندانوں کو تین ہزار روپے ماہانہ چار ماہ تک دینے کا عمل شروع ہو رہا ہے۔

کورونا وائرس کے تدارک کیلئے کیے گئے لاک ڈاون کی مشکل گھڑی میں وزیر اعظم ،پی ٹی آئی اور پوری قوم اپنے ہم وطنوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔انشاءاللہ پاکستان اس آزمائش میں سرخرو ہوگا۔اِن خیالات کا اظہارسینئر رہنما پی ٹی آئی و چیئرمین پی ایچ اے ایس اے حمید ایڈووکیٹ نے یوسی 13 گلزار کالونی میں مستحق افراد میں راشن تقسیم کرنے کے موقع پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے سوا کھرب روپے کا معاشی پیکج دیا ہے جبکہ وزیر اعلی پنجاب نے بھی 25لاکھ گھرانوں کیلئے 10ارب مختص کیے ہیں جس میں 4ہزار فی خاندان دیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈرز اپنے حلقوں میں لوگوں کی مدد کیلئے میدان عمل میں نکلے ہوئے ہیں۔عوام اطمینان رکھیں کسی بھی قسم کا غذائی بحران پیداکرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بنیادی چیز آٹا کی سرکاری ریٹ پر فراہمی کیلئے شہر بھر میں سیل پوائنٹس مقرر کر دیے گئے ہیں۔عوام ذخیرہ اندوز اور منافع خور عناصر کی نشاندہی کریں ،عوامی نمائندے اورانتظامیہ ان کی سختی سے سرکوبی کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔اس موقع پر طارق جنجوعہ ،اظہر جاوید ،امان اللہ لودھی و دیگر بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں