پیٹرولیم مصنوعات

پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں 28فیصد سے زائد کمی ریکارڈ

اسلام آباد(عکس آن لائن)رواں مالی سال کے پہلے 10ماہ کے دوران مجموعی طور پر پیٹرولیم گروپ کی درآمدات میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں17.96فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا اپریل (23-2022)کے دوران پیٹرولیم گروپ کی کل درآمدات 13,974.610ملین ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران 17,033.574ملین ڈالر کی درآمدات تھیں،پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد 28.07فیصد کم ہوئی، جو کہ گزشتہ سال 8,549.224ملین ڈالر تھی۔رپورٹ کے مطابق مائع قدرتی گیس کی درآمدات میں 16.06فیصد کی کمی ہوئی اور گزشتہ سال 3,705.959ملین ڈالر سے کم ہو کر اس سال3,110.836ملین ڈالر رہ گئی جبکہ پٹرولیم خام تیل1.98فیصد کمی کے ساتھ 4,221.208ملین ڈالر سے کم ہو کر 4,613.277ڈالر رہ گئی۔

دوسری جانب جن مصنوعات میں مثبت نمو دیکھنے میں آئی ان میں مائع پیٹرولیم گیس شامل ہے جس کی درآمدات میں 3.53فیصد اضافہ ہوا جو کہ گزشتہ سال 556.962ملین ڈالر سے بڑھ کر 576.618ملین ڈالر تک پہنچ گئی ۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے اسی مہینوں کے مقابلے میں اپریل 2023کے مہینے کے دوران پیٹرولیم گروپ کی درآمدات میں 59.91فیصد کی کمی دیکھی گئی۔اپریل 2023کے دوران پیٹرولیم کی درآمدات 891.468ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جبکہ اپریل 2022کے دوران 2,223.515ملین ڈالر کی درآمدات تھیں۔اعداد و شمار کے مطابق ماہ بہ ماہ کی بنیاد پر اپریل2023کے دوران ملک میں پیٹرولیم کی درآمدات میں بھی26.11فیصد کی کمی واقع ہوئی۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں