پیاز

پیاز کو مناسب وقت پر برداشت کرکے 6ماہ تک ذخیرہ رکھا جا سکتاہے، ترجمان محکمہ زراعت

فیصل آباد(عکس آن لائن)محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا ہے کہ پیاز کو مناسب وقت پر برداشت کر کے کم از کم 6ماہ یا اس سے بھی زائد عرصہ تک ذخیرہ رکھا جا سکتا ہے، برداشت اور سٹوریج کیلئے محکمہ زراعت کی مشاورت بہتر نتائج فراہم کر سکتی ہے۔

انہوں نے بتا یا کہ اگر پیاز کی فصل کو مناسب وقت پر برداشت کر لیا جائے تو کم از کم 6ماہ تک اس کی اصل حالت کو برقرار رکھا جا سکتا ہے، کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ فصل کی برداشت میں احتیاط سے کام لیں اور جب پودوں کے تنے 15سے 20فیصد تک خشک ہو کرٹوٹنا شروع ہوجائیں تو پھر پیاز کی برداشت میں تاخیر سے اجتناب برتنا چاہیے کیونکہ پیاز کی برداشت جتنی تاخیر سے ہو گی اتنا فصل کے گلنے سڑنے کے خدشات میں اضافہ ہوتا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موٹے تنے والے پیاز کے ایسے گٹھے جو مکمل طور پر پک کر تیا ر نہ ہوئے ہو ں ان کو ذخیرہ نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پیاز کی فصل کو دیر سے برداشت کیا جائے تو اس میں عمل تنفس بڑھنے اور درجہ حرارت زیادہ ہونے سے اس کا رنگ اور معیار متاثر ہوتا ہے۔انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ جب پیاز کو برداشت کر لیا جائے تو اسے فوری طور پر ذخیرہ کرنے کی بجائے دو تین دن تک سایہ دار اور ہوا دار جگہ میں ہی پڑا رہنے دیا جائے تاکہ وہ اچھی طرح خشک ہو جائے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران پیاز کو پانی لگنے سے بچایا جائے کیونکہ پانی لگنے سے پیاز کے گلنے کا عمل شروع ہو سکتا ہے جس سے کاشتکاروں کو مالی نقصان پہنچنے کا بھی احتمال رہتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں