لاہور(عکس آن لائن) لاہور ہائی کورٹ نے پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والے شوہر کی سزا کے خلاف اپیل پر درخواست گزار کے وکیل کو تیاری کیلئے مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔لاہورہائی کورٹ کی جسٹس مس عالیہ نیلم نے غلام حسین کی سزاکے خلاف اپیل پر سماعت کی ۔
اپیل میں موقف اختیار کیاگیا کہ پہلی بیوی نیلم سے اولاد نہ ہونے پر دوسری بیوی کلثوم بی بی سے شادی کی ،پہلی بیوی سے اجازت کے بغیر شادی پر مجسٹریٹ نے 5لاکھ جرمانہ اور 6ماہ قید کی سزا سنائی ،سیشن کورٹ نے اپیل خارج کرتے ہوئے مجسٹریٹ کا فیصلہ برقرار رکھا ہے ۔ استدعا ہے کہ ملزم خود کو قانون کے حوالے کرچکا لہذا سزا معطل کر کے رہائی کا حکم دیا جائے ۔
جسٹس مس عالیہ نیلم نے اپنے ریماکس میں کہاکہ سیشن کورٹ نے اپیل خارج کی اس عدالتی فیصلے میں کیا کیا خامی ہے ؟۔درخواست گزار کی جانب سے کہاگیا کہ فیملی کورٹ کو سزادینے کااختیار ہے ، علاقہ مجسٹریٹ کو نہیں۔جسٹس مس عالیہ نیلم نے کہاکہ اپیل خار ج ہوچکی ہے یہاں نظر ثانی کی درخواست ہے مزید کیاوجوہات ہیں ،آپ نے نئے گرائونڈ پر دلائل دینے ہیں تو اسے دیکھنا ہوگا ۔درخواست گزار کے وکیل نے کیس کی تیاری کیلئے مہلت مانگ لی ۔عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو تیاری کیلئے مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔