سورج مکھی

پنجاب میں 2لاکھ 10ہزار ایکڑرقبہ پرسورج مکھی کی کاشت کا ہدف مقرر

فیصل آباد(عکس آن لائن)رواں سیزن کے دوران فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر میں 2لاکھ 10ہزار ایکڑرقبہ پرسورج مکھی کی کاشت کا ہدف مقرر کر دیا گیاہے جبکہ سورج مکھی سمیت دیگر تیلدار اجناس کی کاشت کے فروغ کیلئے سبسڈی کی فراہمی کی غرض سے5ارب11کروڑ روپے کی رقم بھی مختص کردی گئی

ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری عبدالحمیدنے بتایا کہ زراعت کے شعبہ میں دستیاب وسائل کے باکفایت استعمال کیلئے جدیدٹیکنالوجی کو فروغ دیا جارہا ہے اورزرعی مداخل پر سبسڈی کے ذریعے کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں کمی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے قومی منصوبہ برائے فروغ تیلدار اجناس کے تحت سورج مکھی کی کاشت پرسبسڈی،کاشتکاروں کی خوشحالی اور ملکی خوردنی تیل کی ضروریات کو پور ا کرنے کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبہ پنجاب میں سورج مکھی کی2لاکھ 10ہزار ایکڑرقبہ پر کاشت کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے 15اضلاع کے کاشتکاروں کو سورج مکھی کے نمائشی پلاٹ لگانے پر 15ہزار روپے فی ایکڑ ادا کئے جارہے ہیں جبکہ اس منصوبہ پر عملدرآمد سے 5لاکھ ایکڑ رقبہ تیلدار اجناس کیلئے زیر کاشت لایا جائے گا جس سے خوردنی تیل کے درآمدی بل میں 300ملین ڈالرسے زائد کی کمی واقع ہو گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے تیلدار اجناس کے زیر کاشت رقبہ اور پیداوار میں اضافہ وقت کا تقاضہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان ہر سال قریبا300ارب روپے سے زائد کا خوردنی تیل درآمد کرتا ہے نیز ایک اندازے کے مطابق ہم اپنی ضروریات کا صرف13فیصد خوردنی تیل خود پیدا کرتے ہیں جبکہ باقی ہمیں کثیر زرمبادلہ خرچ کر کے درآمد کرنا پڑتا ہے اس لئے وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر خوردنی تیل میں خود کفالت کی منزل حاصل کرنے کیلئے قومی سطح پر یہ منصوبہ شروع کیا گیا ہے جس کے تحت سورج مکھی کی کاشت پر 5ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی دی جارہی ہے،اس کے علاوہ کینولا کی کاشت پر 5ہزار اور تل کی کاشت پر 2ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی بھی فراہم کی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کا مقصد ملکی تیل کی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔

انہوں نے کاشتکاروں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ رقبہ پر سورج مکھی کاشت کر کے ملکی درآمدی بل کی کمی میں اپنا قومی کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت زراعت کی ترقی کیلئے پر عزم اور انقلابی منصوبے متعارف کر وارہی ہے کیونکہ پاکستانی معیشت میں بہتری کیلئے زراعت کی ترقی ناگزیر ہے اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان ووزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق زراعت کی ترقی کیلئے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں