کینولا

پنجاب میں کینولا کے پیداواری مقابلے کیلئے کاشتکار 8 دسمبر تک درخواستیں جمع کرواسکتے ہیں ،ترجمان محکمہ زراعت

لاہور(عکس آن لائن):ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ تیلدار اجناس کی پیداوار میں اضافے کے قومی منصوبہ کے تحت صوبہ پنجاب میں پیداواری مقابلہ برائے کینولا کیلئے کاشتکار 8 دسمبر تک درخواستیں جمع کرواسکتے ہیں ۔ محکمہ زراعت کی جانب سے اتوار کو یہاں جاری ایک بیان میں ترجمان نے بتایا کہ تیلدار اجناس کی پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت ایسے کاشتکار جو بہاولنگر،بہاولپور،بھکر،فیصل آباد ، جھنگ ، خانیوال ، لودھراں ، میانوالی ، ملتان ، مظفرگڑھ ، اوکاڑہ ،سرگودھا،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور دیگراضلاع سے تعلق رکھتے ہوں،3 یا3 ایکڑ سے زائد تک کے قابل کاشت زرعی اراضی کے مالک مرد وخواتین،مزارعینہوں جبکہ مشترکہ کھاتہ کے زمیندار جنہوں نے اپنے کھیتوں میں 3 ایکڑ متصل فصل کینولہ کی کوئی بھی منظور شدہ قسم کاشت کی ہوکینولہ کے پیداواری مقابلہ202223 میں درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ خواہشمندکاشتکار درخواست فارم محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹwww.agripunjab.gov.pkسے ڈان لوڈ کر سکتے ہیں یا متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفتر سے مفت حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایسے ترقی پسند کاشتکار جو ضلعی یا ڈویژنل کمیٹی کے اراکین ہوں گے وہ مقابلہ کے لئے اہل نہ ہوں گے۔اس کے علاوہ محکمہ زراعت کے ملازمین،سرکاری ملازمین،محکمہ مال کے ملازمین اور ممبر صوبائی و قومی اسمبلی اس پیداواری مقابلہ کے لئے اہل نہ ہوں گے۔انہوں نے کہا مکمل درخواستیں تصدیق کے بعد متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت(توسیع) کے دفتر میں 8 دسمبرتک وصول کی جائیں گی۔ترجمان کے مطابق مزید معلومات و رہنمائی کیلئے دفتری اوقات میں فون نمبر99200752 042پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں