وزیر تعلیم

پرائیویٹ سکولز سہولیات فیسوں کے معاملہ پر من مانی کرتے ہیں، شفقت محمود

اسلام آباد(عکس آن لائن)حکومت نے سینٹ کو بتایا کہ پرائیویٹ سکولز سہولیات اور فیسوں کے معاملہ پر من مانی کرتے ہیں ،والدین کو چاہیے کہ سردیوں میں ہیٹرز اور گرمیوں میں مناسب کولنگ نہ ہونے جیسے معاملات آواز بلند کریں حکومت ان کا بھرپور ساتھ دیگی۔گزشتہ روز وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود نے سینٹ میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے پیش نظر ابتدائی طور پر پرائیویٹ سکولز نے بیس فیصد فیسیں کم کیں مگر بعدازاں عدالت عالیہ کے حکم پر وہ شیر ہو گئے جس میں عدالت عالیہ نے اپنے احکاما ت میں کہا کہ فیسوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کا اطلاق وفاقی دارلحکومت میں نہیں ہوتا ہے جس کے پیش نظر انہوں نے پھر سے فیسیں بڑھا دیں ،

اس موقع پر سینٹر کلثوم پروین نے ضمنی سوال پر کہا کہ حکومت کیسی رٹ ہے کہ پرائیویٹ سکولز مالکان فیسیں بھی تیس ہزار روپے تک وصول کرتے ہیں جبکہ سردیوں میں وہاں ہیٹرز تک موجود نہیں اس موقع پر وفاقی وزیر نے جواب میں کہا کہ پرائیویٹ سکولز مالکان حکومت کی بات نہیں مان رہے والدین کو چاہیے کہ سکولز میں سہولیات نہ ہونے کے پیش نظر موثر آواز بلند کریں اور حکومت ان کا ساتھ دیگی۔نیز والدین کو کہا گیا تھا کہ وہ فیسوں کے ووچرز اور رسیدیں لیکر اتھارٹی دفتر آ کر باقاعدہ شکایت کریں تاکہ حکومت کوئی ایکشن لے سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں