برآمدات

پاکستان سالانہ برآمدات کو پچاس سے سو ارب ڈالر تک بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہے’خادم حسین

لاہور(عکس آن لائن )تاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے کہا ہے کہ پائیدار معاشی ترقی کا حصول ممکن بنانے کیلئے برآمدات کے فروغ پر توجہ دی جائے ۔اور اس مقصد کیلئے لیے برآمد کنندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں کی جائیں کیونکہ برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ سے ہی ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہا کہ مالی سال2020-21کے دوران برآمدات میں18فیصدسے زائد اضافہ ہوا جو حوصلہ افزاء ہے تاہم یہ کارکردگی ملک کی اصل صلاحیت سے ابھی تک بہت کم ہے کیونکہ پاکستان ماربل و گرینائیٹ سمیت متعدد مصنوعات کی برآمدات کو بڑھا کر بہتر اضافہ کرسکتا ہے یہ مقصد تب ہی حاصل ہوسکتا ہے جب حکومت برآمد کنندگان کی مزید سہولت کے لیے کوششیں تیز کرے ۔خادم حسین نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ معاشی مسائل سے نمٹنے کے لیے برآمدات کا بہتر فروغ بہت ضروری ہے ۔

کیونکہ برآمدات میں اضافہ سے ہی زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہونگے ، قرضوں کی واپسی ممکن ہوگی ، روپے کی قدر مستحکم ہوگی اور ملک کو ادائیگیوں کے عدم توازن کے دائمی مسائلے سے چھٹکارہ حاصل ہوگا انہوںنے کہا کہ سنگا پور جیسا چھوٹا ملک سالانہ تین سو ارب ڈالر سے زائد کی برآمدات کررہا ہے لیکن پاکستان کی برآمدات ابھی بھی تیس ارب ڈالر سے کم ہیں حالانہ پاکستان اپنی سالانہ برآمدات کو پچاس سے سو ارب ڈالر تک بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں